خطبات طاہر (جلد 8۔ 1989ء) — Page 422
خطبات طاہر جلد ۸ 422 خطبہ جمعہ ۶ ارجون ۱۹۸۹ء آپ نے ان پر غالب آنا نہ سیکھا۔یعنی روحانی اور اخلاقی لحاظ سے۔اس راز کو آپ کو سمجھنا چاہئے یہ زندگی کا راز ہے۔میں زیادہ وقت لے کر آپ کو سمجھا رہا ہوں آپ میں سے شائد بعض کو نیند بھی آ رہی ہومگر میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ بہت گہری بات ہے آپ کے لئے زندگی اور موت کا سوال ہے یہ۔اس راز کو سمجھیں یہ زندگی کا سر چشمہ ہے۔آپ کو روحانی طور پر اور اخلاقی طور پر صاحب نفوذ بنا ہو گا یہ صلاحیتیں پیدا کرنی ہوں گی کہ ان سوسائٹیوں میں سرایت کر جائیں اور پھر انہی دھاگوں کے ذریعے جو اخلاق کے دھاگے ہیں ان کو کھینچ کر اسلام میں داخل کرنا ہوگا اور داخل کرتے وقت ان کی نوک پلک درست کرنے ہوں گے، ان کی صفائی کرنی ہو گی جس طرح آپ فیکٹریوں میں را میٹریل (Raw Material) کی خام مال کی صفائیاں کی جاتی ہیں پھر کارخانوں میں داخل کیا جاتا ہے، جس طرح نظام انہضام میں باہر سے کا رسے لی گئی خوراک کی صفائی کرنی پڑتی ہے اس کو لطیف اور باریک بنانا پڑتا ہے اس طریق پر آپ ان کو لیں۔پس ان کو لینے کا ان کو کھینچنے کا اصل ، آخری گر آپ کے لطیف اعلیٰ قدروں والے اخلاق ہیں جو اسلام کے بنیادی اصولوں پر قائم ہوں اور اسلام کی تعلیمات گویا آپ کی ذات بن جائیں، آپ کا وجود بن چکی ہوں اور آپ کے خلق اور آپ کے اسلام میں کوئی فرق نہ رہے۔اس پہلو سے جس پہلو سے آنحضرت ﷺ ایک زندہ قرآن تھے آپ اپنے اخلاق کی ڈوریاں ان میں پھینکیں۔اخلاق کی ڈوریاں لطیف ہوا کرتی ہیں۔اخلاق کی ڈوریاں بڑی نازک ہوا کرتی ہیں بعض دفعہ دکھائی نہیں دیتیں لیکن ان میں طاقت بڑی ہوا کرتی ہے۔کسی شاعر نے کہا ہے کچے دھاگے سے چلی آئے گی سرکار بندھی وہ کچا دھاگہ کیا ہے؟ وہ جذبہ عشق اور جذبہ خلق ہے۔دیکھنے میں کچا دھاگہ ہے مگر بڑی بڑی طاقتوں کو بھی اپنی طرف کھینچ لیا کرتا ہے۔پس آپ کے اخلاق کی باریک اور نازک ڈوریاں ہیں جنہوں نے ان قوموں کو باندھنا ہے اور باندھ کر سچائی اور خدا اور خدا کے رسول کے قدموں میں لا ڈالنا ہے۔اس کے سوا اور کوئی طاقت آپ کے پاس نہیں ہے۔جہاں تک ظاہری مضبوط زنجیروں کا تعلق ہے، جہاں تک ظاہری مضبوط بندھنوں کا تعلق ہے وہ ان قوموں کے پاس ہے اور آپ کے پاس کچھ نہیں ہے۔پس اخلاق کے نازک اور لطیف دھاگوں کے ذریعے، اخلاق کی ڈوریاں پھینک کر، اخلاق کی کمندیں ڈال کر ان قوموں پر قبضہ کریں ورنہ یہ تو میں آپ پر قبضہ کر لیں گی اور آپ کی نہیں تو آپ کی اگلی نسلوں کی اور اگلی نسلوں کی حفاظت اور بقاء کی کوئی ضمانت نہیں دی جاسکے گی۔