خطبات طاہر (جلد 8۔ 1989ء) — Page 299
خطبات طاہر جلد ۸ 299 خطبه جمعه ۱۲ رمئی ۱۹۸۹ء ایک عالمگیر سازش کے ذریعہ جماعت احمد یہ کونشانہ بنانے میں سعودی حکومت کا سیاسی کردار (خطبه جمعه فرموده ۱۲ مئی ۱۹۸۹ء بمقام ناصر باغ فرینکفرٹ جرمنی ) تشہد وتعوذ اور سورہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور نے فرمایا: گزشتہ ایک خطبے میں میں نے پاکستان کے تازہ حالات سے متعلق تبصرہ کیا تھا اور ان چند اندرونی محرکات کا ذکر کیا تھا جن کے نتیجے میں سیاستدان ایک دفعہ پھر جماعت احمدیہ پر ظلم کرنے پر تلے بیٹھے ہیں۔اسی مضمون کو آگے بڑھاتے ہوئے میں بعض مزید وضاحتیں کرنی چاہتا ہوں تا کہ تمام دنیا کے احمدیوں کو خوب اچھی طرح معلوم ہو کہ ان سے کیا ہو رہا ہے، کیوں ہورہا ہے؟ کون سی طاقتیں اس فلم میں ملوث ہیں اور آئندہ ان کو کس قسم کے خطرات سے متنبہ رہنا چاہئے اور ان کے خلاف ابھی سے تیاری کرنی چاہئے۔دنیا میں سیاست جیسا کہ میں نے پہلے بھی بیان کیا تھا اندھی ہوتی ہے کیونکہ خود غرضی کی آنکھیں نہیں ہوتیں۔خود غرضی کی آنکھ اندر کی طرف کھلتی ہے اور باہر کی کوئی آنکھ نہیں ہوا کرتی۔اس لئے سیاستدان خواہ کتنا ہی شاطر کیوں نہ ہو، کتنا ہی ہوشیار اور صاحب تجربہ کیوں نہ ہو جب اس کا ذاتی مفاد دنیا کے دیگر مفادات اور تقاضوں سے ٹکراتا ہے تو ہمیشہ اس کی آنکھ اپنے ذاتی مفاد کی طرف لگ جاتی ہے اور اسے اس وقت کچھ اور دکھائی نہیں دیتا۔یہ وہ سیاست کی بنیادی کمزوری ہے جس نے پاکستان کے حالات بگاڑنے میں بہت بڑا کردار ادا کیا ہے اور یہی وہ سیاست کی بنیادی کمزوری ہے