خطبات طاہر (جلد 6۔ 1987ء) — Page 797
خطبات طاہر جلد ۶ 797 خطبہ جمعہ ۲۷ / نومبر ۱۹۸۷ء اب مضمون کا آغاز ہی ایک جدو جہد کے بیان سے ہوا ہے۔زندگی اور موت کے درمیان ایک مسلسل جد و جہد اور آگے چل کے فرمایا ساری کائنات میں تم کوئی تفاوت نہیں دیکھو گے۔تفاوت کی تفصیل میں ابھی بیان کروں گا لیکن عام معنی جو اس سے سمجھ آتا ہے وہ یہ ہے کہ مقابلہ مد مقابل نہیں پاؤ گے چیزوں کو آپس میں۔چنانچہ عربی لغات تفاوت کا مطلب یہی بیان کرتی ہیں یعنی ایک معنی یہ بیان کرتی ہیں کہ کسی قسم کا مقابلہ نہیں دیکھو گے۔تو بات تو مقابلہ ہی سے شروع فرمائی گئی۔کہا یہ گیا کہ ہم نے خود موت اور زندگی کو باہم متقابل پیدا کر دیا ہے اور اس مقابلے کا مقصد یہ ہے تا کہ تمہیں آزمائے کہ تم میں سے کون ایسے اعمال والا ہے جو Survival of the Fittest مطابق زندہ رہنے کی اہلیت رکھتا ہے اور آگے بڑھنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ساری کائنات میں ہر جگہ آپ کو زندگی موت کے مد مقابل دکھائی دے گی اور ساری کا ئنات کا فلسفہ اسی تقابل پر مبنی ہے اگر موت اور زندگی کی لڑائی ختم کر دی جائے تو کائنات کا وجود نظر سے غائب ہو جائے گا۔جو کچھ بھی ہمیں دکھائی دیتا ہے وہ اس تقابل کے نتیجے میں دکھائی دیتا ہے اور اہل علم سائنسدان جانتے ہیں کہ اس تقابل کے محرکات کو اگر ختم کر دیا جائے تو ساری کائنات بے معنی ہو جائے گی۔کوئی ترقی نہیں ہو سکتی کوئی ارتقاء نہیں ہو سکتا۔جمود پیدا ہو جائے گا یعنی آخری موت کی شکل ہمیں دکھائی دے گی۔اس لئے ایک طرف تو مضمون یہ باندھا گیا اور جو بہت ہی عظیم الشان مضمون ہے کہ ساری کائنات کا فلسفہ حیات یا فلسفہ وجود یہ ہے کہ تم موت اور زندگی کو باہم متقابل دیکھتے ہو اور اس مقابلے کے نتیجے میں ہم تمہیں آزماتے ہیں یعنی ہر وجود کو آزماتے ہیں کہ وہ کیا اہلیت رکھتا ہے اور دوسری طرف فرمایا گیا کہ تم کوئی مقابلہ نہیں دیکھو گے۔پس یہ جو مقابلہ نہیں دیکھو گے کا لفظ ہے اس پر غور کی ضرورت ہے تفاوت کا اصل معنی کیا ہے کیونکہ جس جگہ یہ دعوی کیا گیا کہ کوئی تفاوت نہیں دیکھو گے وہاں تفاوت ہو ہی نہیں سکتا ان دونوں کو ایک دوسرے کے سامنے رکھ دیا گیا ہے جس طرح موت کو زندگی کے مقابل رکھ دیا گیا ہے۔اسی طرح یہ دو اعلان بظاہر ایک دوسرے کے سامنے کھڑے دکھائی دیتے ہیں۔تفاوت کا مضمون آپ سمجھ جائیں گے تو یہ سارا مسئلہ حل ہو جائے گا کہ ان میں جو یہ رکھا ہی اس لئے گیا ہے تا کہ زندگی اور موت کی جدو جہد کے فلسفے کی حقیقت کو آپ سمجھ سکیں۔مقابلہ تفاوت نہیں ہے۔اس لئے اگر کوئی سرسری معنی