خطبات طاہر (جلد 6۔ 1987ء) — Page 78
خطبات طاہر جلد ۶ 78 خطبہ جمعہ ۳۰ / جنوری ۱۹۸۷ء آپ کے پیچھے کچھ لوگ ایسے ہوں گے جو روحانی فرزند کے طور پر نئی صدی میں داخل ہورہے ہوں گے۔نئے خاندان آپ کے پیچھے پیچھے آپ کو امام بنا کر نئی صدی میں داخل ہو رہے ہوں گے۔واجْعَلْنَا لِلْمُتَّقِينَ إِمَامًا (الفرقان: ۷۵) میں بھی یہ مضمون شامل ہے کہ اے خدا ہمیں امام بنا۔یہ مراد نہیں کہ اولاد ہو صرف۔اولاد تو ہر کس و ناکس کی کافر اور مشرک کی بھی ہوتی ہے۔یہاں بالخصوص وہ لوگ مراد ہیں جو آپ کی روحانی اولاد ہیں اور آپ کی تبلیغ کے نتیجے میں جو روحانی ذریت خدا آپ کو عطا فرماتا ہے یہ دعا سکھائی ہے کہ یہ دعا کرو کہ وہ سارے متقی ہوں۔نام کے احمدی یا نام کے مسلمان نہ ہوں۔تو بہت ہی بڑا ایک شاندار گیٹ سجا ہوا آپ کے سامنے آنے والا ہے۔اس عظیم الشان گیٹ سے جو حمد و ثناء سے سجا ہوا ہے، جو درود سے سجا ہوا ہے اس میں سے آپ نے سجدہ کرتے ہوئے داخل ہونا ہے اگلی صدی میں۔یہی ہمارا جشن ہے۔تو اس شان سے داخل ہوں کہ آپ کے ساتھ ایک ذریت طیبہ ہو، ایک عظیم الشان روحانی اولاد ہو متقیوں کی جو آپ کے ساتھ ساتھ ایک اجتماع بناتے ہوئے، ایک جلوس بناتے ہوئے اس گیٹ سے گزررہی ہو۔اس کے لئے بہت ہی محنت کی ضرورت ہے اور سب سے بڑی اور اول ضرورت یہ ہے کہ احساس دل میں اتنا جاگزیں ہو جائے ، اس قوت کے ساتھ جانشین ہو جائے کہ آپ اس احساس کو کسی طرح بھلا نہ سکیں۔صبح بھی یہ احساس لے کر اٹھیں اور شام کو بھی ، رات کو بھی یہ احساس لے کر سوئیں اور سارا دن آپ کا دل کرید تا ر ہے یہ احساس کہ میں نے کتنے بنائے ہیں، میں نے کتنے بنائے ہیں۔سنتا ہوں کہ فلاں نے اتنے بنالئے مجھے کتنی توفق ملی ہے۔اس لئے ساری دنیا کے احمدی سب سے پہلے اس احساس کو پیدا کرنے کی طرف متوجہ ہوں اور جیسا کہ میں نے ذکر کیا ہے پھر جب دعائیں کریں گے تقویٰ کے ساتھ قول حسن اور فعلِ حسن کے ساتھ تبلیغ شروع کریں گے تو اللہ تعالیٰ لازما آپ کو پھل عطا فرمائے گا۔یہ خدا کی سنت ہے جسے وہ تبدیل نہیں کیا کرتا۔جہاں تک دشمنوں کی باتوں کا تعلق ہے دشمن بھی تیز تر ہوگا اپنی کوششوں میں، یہ نہ سمجھیں کہ وہ بیٹھا رہے گا۔آپ میں سے اکثر کے احساس کے بیدار ہونے سے پہلے دشمن بیدار ہو چکا ہے۔