خطبات طاہر (جلد 6۔ 1987ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 295 of 888

خطبات طاہر (جلد 6۔ 1987ء) — Page 295

خطبات طاہر جلد ۶ 295 خطبہ جمعہ یکم مئی ۱۹۸۷ء اللہ کی محبت کی خاطر مشکلات پر صبر کریں خطبه جمعه فرموده یکم مئی ۱۹۸۷ء بمقام بیت الفضل لندن) تشہد وتعوذ اور سورہ فاتحہ کے بعد حضور نے درج ذیل آیت کی تلاوت کی :۔وَالَّذِيْنَ صَبَرُوا ابْتِغَاءَ وَجْهِ رَبِّهِمْ وَأَقَامُوا الصَّلوةَ وَأَنْفَقُوْا مِمَّا رَزَقْنَهُمْ سِرًّا وَ عَلَانِيَةً وَيَدْرَءُونَ بِالْحَسَنَةِ السَّيِّئَةَ أُولَيْكَ لَهُمْ عُقْبَى الدَّارِة اور فرمایا: (الرعد: ۲۳) گزشتہ جمعہ پہ جو رمضان سے پہلے جمعہ تھا میں نے جماعت کو کچھ نصائح کی تھیں کہ رمضان مبارک میں خصوصیت کے ساتھ ان امور کی طرف توجہ کریں۔یہ آیت جو میں نے تلاوت کی ہے یہ اس خطبہ کا بہترین عنوان بن سکتی تھی اور حقیقت میں رمضان مبارک میں خصوصیت کے ساتھ جو پروگرام پیش نظر رہنا چاہئے وہ اس آیت میں تمام تر پیش کر دیا گیا ہے اور ہر رمضان کا یہ آیت بہترین عنوان بن سکتی ہے۔ویسے تو مومن کی زندگی کا خلاصہ یہی ہے جو اس آیت میں بیان کیا گیا ہے لیکن رمضان میں چونکہ خصوصیت کے ساتھ ہر نیکی اپنے عروج تک پہنچتی ہے یا توقع کی جاتی ہے کہ ہر مومن اپنی ہر نیکی کو رمضان مبارک میں عروج تک پہنچانے کی کوشش کرے گا۔اس لئے خصوصیت کے ساتھ اس آیت کے مضمون کو ہمیشہ پیش نظر رکھنا چاہئے۔