خطبات طاہر (جلد 5۔ 1986ء) — Page 398
خطبات طاہر جلد۵ 398 خطبه جمعه ۳۰ رمئی ۱۹۸۶ء رمضان کے شروع ہونے سے ایک دو روز پہلے کی بات ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ایک رات مجھے بار بار مسلسل اس دعا کی طرف متوجہ فرمایا: رَبِّ كُلُّ شَيْءٍ خَادِمُكَ رَبِّ فَاحْفَظْنَا وَانْصُرْنَا وَارْحَمْنَا اور یہ نظارہ بار بار میں دیکھتا رہا کہ ابھی کچھ آفات جماعت کے سامنے باقی ہیں ان آفات کو ٹالنے کے لئے میں مختلف دعائیں کرتا ہوں اور کچھ اثر پڑتا ہے اور پھر بھی وہ باقی رہتی ہیں۔پھر میری توجہ اس طرف مبذول ہوتی ہے کہ رَبِّ كُلُّ شَيْءٍ خَادِمُكَ کی دعا کرنی چاہئے اور جب میں یہ دعا کرتا ہوں تو جس طرح تیزاب سے زنگ کھل جاتا ہے یا صبح صادق سے اندھیرے دھل جاتے ہیں اسی طرح وہ آفات بالکل زائل ہو جاتی ہیں ان کا کوئی نشان باقی نہیں رہتا۔تو چونکہ اللہ تعالیٰ نے مجھے یہ بات صرف اپنے تک محدود رکھنے کے لئے نہیں بلکہ ساری جماعت کو بتانے کی خاطر مجھ پر ظاہر فرمائی ہے۔اس لئے رمضان کے آخری عشرہ میں خصوصیت کے ساتھ اس دعا کا بھی ورد کریں۔اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے تو ایک موقع پر یہ فرمایا کہ یہ دعا اسم اعظم ہے رَبِّ كُلِّ شَيْءٍ خَادِمُكَ رَبِّ فَاحْفَظَنَى وَانْصُرْنِي وَارْحَمُنی اسم اعظم ہے اس سے بڑی اور کوئی دعا نہیں۔جو ہر کیفیت پر حاوی ہے۔( ملفوظات جلد ۲ صفحہ: ۵۶۸) اس لئے باقی دعاؤں کے علاوہ جو قرآنی دعائیں ہیں ، انبیاء کی دعائیں ہیں ، حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے دعائیں سکھائی ہیں یا جو دل کی کیفیت سے خود بخود پھوٹتی ہیں ان کے علاوہ ان کو چھوڑ کر نہیں، اس دعا کی طرف بھی خصوصیت کے ساتھ توجہ کریں۔خدا کرے ہمیں وہ لیلتہ القدر نصیب ہو جو دائمی صلح کی رات ہے یعنی خدا تعالیٰ کے ساتھ دائمی صلح کی رات ہے اور جس کے نتیجے میں پھر خدا تعالیٰ کے فضلوں کی ہمیشہ کے لئے ضمانت حاصل ہو جاتی ہے۔خطبہ ثانیہ کے دوران حضور نے فرمایا: نماز جمعہ کے معا بعد مکرمہ محترمہ امتہ العزیز صاحبہ کی نماز جنازہ غائب ہوگی۔یہ ہمارے سلسلہ کے ایک مخلص و مبلغ مربی نسیم احمد صاحب شمس کی والدہ تھیں اور ماسٹر محمد عبدالعزیز صاحب چک EB/245 ضلع وہاڑی کی اہلیہ تھیں۔نسیم احمد صاحب شمس چونکہ اعلائے کلمۃ اللہ کے لئے سیرالیون میں ہیں آج کل، اس لئے وہ اپنی والدہ کی بیماری یا وفات میں وہاں نہیں پہنچ سکے۔اس لئے خصوصیت کے ساتھ ان کے لئے بھی اور ان کے پس ماندگان کے لئے بھی اور ہمارے اس مبلغ بھائی کے لئے بھی دعا کریں۔نماز جمعہ کے معا بعد نماز جنازہ ہوگی۔