خطبات طاہر (جلد 4۔ 1985ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 301 of 1067

خطبات طاہر (جلد 4۔ 1985ء) — Page 301

خطبات طاہر جلد۴ 301 خطبه جمعه ۲۹ مارچ ۱۹۸۵ء خوان سے کھانا کھانے لگے پس یہ تھی وہ دولت کی ریل پیل جو آپ کو خدا تعالیٰ کی طرف سے عطا ہوئی اور وقت کے ہر نبی اور اس کے ماننے والوں سے یہی سلوک ہوا کرتا ہے۔آج جماعت احمدیہ کے ساتھ بھی یہی سلوک ہو رہا ہے اور کل آپ کی اولادوں کے ساتھ بھی یہی سلوک ہوتا چلا جائے گا۔معاندین جلتے رہیں گے اور جل کر خاکستر ہوتے چلے جائیں گے گر اللہ تعالیٰ آپ کی جانوں میں بھی برکت دیتا چلا جائے گا، آپ کے اموال میں بھی برکت دیتا چلا جائے گا اور خدا کی قسم وہ دن بھی آئیں گے کہ آپ قیصر و کسری جیسے شہنشاہوں کے رومالوں پر تھوکیں گے اور کہیں گے ”بخ بخ ابوھریرہ! اے مسیح موعود کے غلامو! تمہاری کیا شان ہے کہ آج خدا نے تمہیں وہ مقام عطا فرمایا کہ بادشاہوں کے کپڑوں پر تھوکتے ہو جبکہ بادشاہوں کا یہ حال ہو گا کہ مسیح موعود کے کپڑوں کے لئے ترسا کریں گے اور ان سے برکت ڈھونڈیں گے۔وہ کپڑے جو بظاہر بوسیدہ ہوں گے جن کو وقت نے دھندلا دیا ہوگا جن کو احتیاط سے ہاتھ لگایا جائے گا کہ کہیں ہاتھ لگانے کی وجہ سے پھٹ نہ جائیں۔خدا کی قسم وہ وقت ضرور آئے گا کہ بادشاہ مسیح موعود علیہ السلام کے کپڑوں سے برکت ڈھونڈیں گے اور رحمتیں بھیجیں گے اور آپ پر سلام بھیجیں گے اور ان لوگوں پر لعنت بھیجیں گے جنہوں نے جھوٹ اور افترا سے ہر قسم کے گندے الزام لگائے اور خدا کا کوئی خوف نہ کیا۔