خطبات طاہر (جلد 3۔ 1984ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 158 of 854

خطبات طاہر (جلد 3۔ 1984ء) — Page 158

خطبات طاہر جلد ۳ 158 خطبه جمعه ۲۳ / مارچ ۱۹۸۴ء صفت کو ملا دیتا ہے بعض دفعہ ایک اور صفت کے ساتھ ایک اور دوسری صفت کو ملا دیتا ہے اور ان سب کو مجموعی نظر سے دیکھیں تو نئے نئے مضمون ابھر کر سامنے آتے ہیں۔عموماً قرآن کریم کا ترجمہ پڑھنے والے قرآن کریم پر اس طرح گزر جاتے ہیں کہ جو معانی بیان ہورہے ہیں وہ پڑھنے کے بعد، خدا تعالیٰ کی صفت کے بیان پر اس طرح غور نہیں کرتے کہ ان معانی سے اُس کا تعلق کیا ہے حالانکہ ہر آیت کے آخر پر جب صفات بیان ہوتی ہیں یا جن جن آیات کے آخر پر صفات بیان ہوتی ہیں انکا اُن سے پہلے گزرے ہوئے مضمون سے گہرا تعلق ہوتا ہے اور اگر آپ ان پر غور کرنے کی عادت ڈالیں تو یہ دیکھ کر حیران ہوں گے کہ وہ صفات اگر ڈکشنریوں میں تلاش کی جائیں اور ان کے معانی پر غور کیا جائے تو تمام دنیا کی ڈکشنریاں بڑے سے بڑے عالم کی ڈکشنری بھی اس صفت پر وہ روشنی نہیں ڈالتی نہ ڈال سکتی ہے جو قرآن کریم کی آیات ڈال دیتی ہیں اور حیرت انگیز نئے نئے مطالب انسان کے سامنے اُبھرتے ہیں۔اس لحاظ سے صفات باری تعالیٰ پر غور ایک بہت ہی بڑا مضمون بن جاتا ہے اور عمداً میں اس کو چھوڑتا رہا ہوں کیونکہ پھر یہ ایک خطبہ کا معاملہ نہیں رہے گا بلکہ متعد د خطبات صرف ایک ایک صفت پر دے کر بھی پھر بھی تشنگی باقی رہ جائے گی۔لیکن گزشتہ خطبہ کے بعد مجھے خیال آیا کہ نمونۂ خدا تعالیٰ کی حلیم صفت کے متعلق احباب جماعت کو بتاؤں کہ متفرق جگہ پر جب صفت آتی ہے تو اس صفت کے اندر کیا کیا نئے معانی جلوہ گر ہوتے ہیں تا کہ جماعت کو یہ عادت پڑے کہ خدا تعالیٰ کی صفات پر ان مواقع کے لحاظ سے غور کرے جن مواقع پر قرآن کریم میں وہ صفات بیان ہوئی ہیں اور بعض دفعہ تو یوں لگتا ہے جیسے کوئی بھی تعلق نہیں۔دو تین مثالیں میں نے چنی ہیں ان پر ظاہری نظر سے جب غور کریں تو معلوم ہوگا کہ بظاہر کوئی تعلق نہیں ہے حلیم“ کا اس بات سے کیا تعلق ہے جو بیان ہوئی ہے لیکن مزید غور سے ایک حیرت انگیز علم کا جہان آیت کے سامنے ابھر آئے گا۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے تمام آسمان اور زمین اور جو کچھ ان کے اندر ہے ہر چیز ہماری تسبیح بھی کر رہی ہے اور حمد بھی کر رہی ہے اور تم اس کی زبان کو سمجھتے نہیں۔اِنَّهُ كَانَ حَلِيمًا غَفُورًا خدا حلیم ہے۔صفت حلیم کا کیا تعلق ہے اس چیز سے کہ ساری چیزیں تسبیح بیان کر رہی ہیں اور تم نہیں سمجھتے اور اللہ حلیم ہے؟ تو پہلے تو یہ معلوم کرنا چاہئے کہ کس طرح حمد بیان کر رہی ہیں؟ کس طرح خدا کی تسبیح