خطبات طاہر (جلد 2۔ 1983ء) — Page 367
خطبات طاہر جلد ۲ 367 خطبہ جمعہ ۱۸ جولائی ۱۹۸۳ء پس یہ جمعہ ن کو یہ بتاتا ہے کہ دیکھو یہ بھی کس شان اور کامیابی کے ساتھ اللہ کی رحمتوں کو سمیٹتے اور کماتے ہوئے اس مہینہ سے نکلے ہیں۔تم اپنے رب پر خواہ مخواہ بد ظنی کرتے رہے، خواہ مخواہ ایک معمولی اور ادنی کے خوف کی وجہ سے تم محروم رہے ہو۔یہ جمعہ ان کو بتاتا ہے کہ دیکھواب ایک سال کے بعد میں پھر آؤں گا لیکن ایسی حالت میں آؤں کہ تمہیں بدلی ہوئی کیفیت میں دیکھوں۔ایسی حالت میں آؤں کہ تم خدا کے عبادت گزار بندے بن چکے ہو۔جب میں دوبارہ تمہیں ملنے کے لئے آؤں تو ایسی حالت میں آؤں کہ تم میرے منتظر رہو اور میں تمہارا منتظر ہوں کہ کب تم مجھے ملو تو میں برکتوں سے تمہارے دامن بھر دوں۔پس یہ جمعہ کمزوروں کے لئے یہ پیغام لے کر آتا ہے اور ان کو بتا تا ہے کہ اللہ کی رحمت بہت وسیع ہے۔ایک لمحے میں بھی ایسی کیفیتیں پیدا ہو جاتی ہیں کہ انسان کی ساری زندگی سے بڑھ کر وہ لمحہ عزیز تر ہو جاتا ہے اس لئے ان کمزوروں کو اپنے لئے بہت دعا کرنی چاہئے اور خدا کی طرف سے اس جمعہ کے پیغام کو سمجھنا چاہئے۔حقیقت یہ ہے کہ بعض ایسے بھی لوگ تھے جن کو یہ پریشانی اور بے چینی تھی کہ رمضان قریب آرہا ہے ہمصیبتیں قریب آرہی ہیں، ماحول میں خشکی پیدا ہو جائے گی، ریڈیو اور ٹیلیویژن کے پروگرام خشک ہو جائیں گے ، گئیں مارنے کے اوقات نہیں رہیں گے، آزادی سے کھانے پینے کے اوقات نہیں رہیں گے، سیروں کے اوقات نہیں رہیں گے ، کس طرح سفر پر باہر جائیں گے، بھوکے اور پیاسے بسوں اور گاڑیوں میں سفر کریں گے وہ بڑے خوف کی حالت میں اس رمضان کے منتظر تھے اور خوف کی حالت میں ان کا وقت گزرا لیکن جمعۃ الوداع ان کو بتا رہا ہے کہ دیکھو میں تو آیا بھی اور چلا بھی گیا۔یہ مہینہ یوں ہی خواہ مخواہ تمہارے او پر خوف کے سائے لہراتا ہوا کتنی تیزی سے نکل گیا ہے۔کاش تم ڈرتے ڈرتے اللہ کی راہ میں وقت گزارتے بہ نسبت اس کے کہ دنیا کے لئے ڈرتے ہوئے وقت گزارا۔کاش ! تم خدا کے خوف میں یہ وقت صرف کرتے اور خدا سے عرض کرتے کہ اے خدا! ہم تیری خاطر مشکلیں برداشت کرنے کے لئے آمادہ ہوئے ہیں، ہم کمزور ہیں ، ہمارے دلوں میں طاقت نہیں ہے، ہمیں نیکی کی لذت سے آشنائی نہیں ، ہم خود طبعی جوش کے ساتھ گناہوں کی طرف جھکتے ہیں اور نیکیوں کی طرف مائل ہونے کے لئے ہمیں مشکل پیش آتی ہے، دوسروں کو ہماری باگیں نیکی کی طرف موڑنی پڑتی ہیں۔اے خدا! تو ہم پر رحم فرما، تو ہی ہمارے دل بدل دے، تو ہی ہمارے لئے نیکیوں کو آسان کر دے، اور نیکیوں کی لذت بخش۔