خطبات طاہر (جلد 16۔ 1997ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 802 of 1024

خطبات طاہر (جلد 16۔ 1997ء) — Page 802

خطبات طاہر جلد 16 802 خطبہ جمعہ 31 اکتوبر 1997ء جائیں یا دنیا کے سامنے پیش کئے جائیں، اگر یہ شرطیں موجود ہیں جو بیان کی گئی ہیں تو وہ عالم الغیب ہے اس کو پتا چل جائے گا تمہیں کسی تردد کی کوئی ضرورت نہیں لیکن یہ بھی یا درکھنا کہ اگر مخفی نیتیں کچھ اور ہوں گی اور قرضہ حسنہ کے تقاضوں کے خلاف ہوں گی تو یہ سارا قرضہ حسنہ رد کر دیا جائے گا اسے قبول نہیں کیا جائے گا۔وَالشَّهَادَةِ اور شہادت پر بھی اس کی نظر ہے۔غیب کی نیتیں اگر انسان کی بہت اونچی اور بلند مرتبہ نیتیں بھی ہوں جب تک وہ شہادت میں نہیں اچھلیں گی ان کی صداقت کا کوئی ثبوت نہیں ہوتا۔کئی دفعہ انسان دل میں ارادے باندھتا ہے کہ اللہ میاں میں یہ کروں اور وہ کروں گا مجھے یہ عطا کر تو یہ ایسا ہو گا لیکن جب شہادت کا وقت آتا ہے تو یہ لوگ پیچھے بھی ہٹ جاتے ہیں۔وہ کچھ وعدے کیا کرتے ہیں غیب میں ان کو پورا نہیں کرتے تو انفاق فی سبیل اللہ کے ساتھ ان باتوں کا گہرا تعلق ہے۔کئی دفعہ انسان یہ کہتا ہے اچھا یہ ہوگا تو میں یہ دوں گا اور اس پر لوگوں نے لطیفے بھی بنارکھے ہیں کہ کسی شخص نے اللہ تعالیٰ سے وعدہ کیا کہ اگر تو میرا کام بنادے تو میں اتنی بکریاں تجھے دوں گا۔پھر وہ کام بن گیا تھوڑ اسا تو اس نے کہا کہ بکریاں تو نے کیا کرنی ہیں میں ایک دن کا دودھ دے دوں گا۔پھر وہ اور آگے بڑھا اس کا کام ہو گیا تو اس نے کہا تو تو دودھ پیتا نہیں لوگوں نے ہی پینا ہے نا تو وعدہ ہی میرا غلط تھا۔جو ہو گیا بس کافی ہے مجھے میری نیک نیتی کی جزاء دے یہ میرا دل چاہتا تھا۔تو یہ علِمُ الْغَيْبِ وَالشَّهَادَةِ کا مضمون بھی بیان ہو جاتا ہے۔جب نیت اچھل کر ایک عمل میں تبدیل ہوتی ہے، جب نیک ارادے خوبصورت تحفوں میں بدلتے ہیں اس وقت وہ اپنی ذات کی اور اپنے ارادوں کی صداقت کی شہادت دیتے ہیں اور اس وقت عالم الشهادۃ ہے جو اس گواہی کو بھی قبول کرتا ہے اور شہادت یعنی ظاہر میں پوری ہونے والی چیز کو بھی دیکھتا ہے اور اسے قبول فرماتا ہے ، خالی نیتوں پر بات نہیں کی جائے گی۔پس وہ لوگ جو یہ نیتیں رکھتے ہیں کہ خدا ہمیں دے تو ہم یہ کام کریں گے ان میں سے بہت سے ایسے ہیں جن کو میں نے دیکھا ہے جب خدا دیتا ہے تو پھر وہ کرتے نہیں ، وہ بھول جاتے ہیں۔اللہ تعالیٰ نے شہادۃ کے لفظ کے اندر یہ مضمون بھی بیان فرما دیا کہ نیتیں ہوں گی مگر جب ظاہر ہوں گی پھر میں دیکھوں گا اور پھر تم بھی دیکھو گے کہ واقعی تم سچے تھے۔الْعَزِيزُ الْحَكِيمُ وہ بہت غالب اور عزت والا ، طاقتور ہے اور حکیم ہے، ہر بات کی حکمت کو جانتا ہے۔پس یہ سارے وعدے جو انفاق فی سبیل اللہ سے وابستہ ہیں یہ سارے مضامین جو