خطبات طاہر (جلد 16۔ 1997ء) — Page 614
خطبات طاہر جلد 16 614 خطبہ جمعہ 15 اگست 1997 ء سے ماضی میں رہ جاتا ہے ہر غم ایسا ہے جسے دفنایا جارہا ہے۔پس دفنایا جانے والا غم بھی قانون قدرت کے نتیجے میں بالآخرضرور دفنایا جاتا ہے مگر ایسے صبر کوصبر نہیں کہا جاتا۔جب غم تازہ ہو، جب وہ جس کی نعش دفنائی جانی ہے آنکھوں کے سامنے ہو ، جب اسے زمین میں اتارا جانے والا ہو اس وقت اگر آپ صبر پر قائم ہوں تو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے الفاظ میں اسے خارق عادت کہا جاتا ہے یعنی عام انسانوں کی طاقت سے بالا صبر ہے ان سے ہٹ کر صبر ہے۔فرمایا تم مصائب اور ابتلاؤں میں خارق عادت صبر دکھاؤ اور یہ صبر ایسا ہے جو آسمان کے کنگرے ہلا دیا کرتا ہے۔یہ صبر ایسا ہے جو سچی اور گہری دعاؤں کی توفیق بخشتا ہے۔یہ صبر ایسا ہے جو دنیا میں انقلاب بر پا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔پس دنیا میں سب سے زیادہ انقلاب شہیدوں کے ذریعے برپا ہوا ہے۔صدیق اپنی جگہ رہے اور رسالت سے چھٹے رہے۔رسالت کا نشان تو بن گئے مگر کثرت سے نہ پیدا ہوئے۔شہید وہ ہیں جو امت محمدیہ میں کثرت کے ساتھ ہر زمانے میں پائے جاتے ہیں اور یہ ان کی شہادت ہے جو اسلام کی سچائی کی شہادت ہے۔شہید کو شہید اسی لئے کہا جاتا ہے کہ ایسا شخص جس کی گواہی پر اعتماد کیا جاسکے، کامل یقین کیا جاسکے۔پس جو شخص اپنی ذات کو ایک سچائی کی خاطر فنا کر دے اس سے بڑھ کر کسی کی شہادت نہیں ہو سکتی۔پس آپ نے اگر احمدیت کی سچائی میں گواہیاں دینی ہیں، اگر شہادت کی آواز بلند کرنی ہے تو پھر حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے الفاظ میں شہید کی خارق عادت صفات اپنانے کی کوشش کریں۔اگر آپ میں شہادت کی یہ صفات داخل ہو گئیں تو انشاء اللہ تعالیٰ آپ کی گواہی دنیا کوضرور قبول کرنی ہوگی۔اور پھر آخر پہ یہ فرماتے ہیں: ”مرد صالح کا کمال یہ ہے اب یہ عام مسلمان جن میں اس وقت میری نظر میں احمدی ہیں وہ سارے شامل ہیں۔جو بلند مقامات آپ کو بتائے تھے ہوسکتا ہے بعضوں کا تصور بھی وہاں نہ پہنچا ہو کیونکہ جو ادنی مقام میں آپ کو اب بتانے لگا ہوں جہاں سے ہمارا سفر شروع ہوتا ہے اپنے نفس پر غور کر کے دیکھیں کہ کیا آپ کو یہ مقام نصیب ہو چکا ہے۔جو بنیادی پلیٹ فارم ہے اس پر قدم رکھیں گے تو اگلی منازل طے ہونے کا امکان پیدا ہوتا ہے۔اگر اس بنیادی سطح پر آپ کا قدم نہیں ہے تو اگلے سارے مقامات آپ کے تصور کی باتیں ہیں جن کی کوئی حقیقت نہیں پس اسے غور سے سن لیجئے۔فرماتے ہیں: