خطبات طاہر (جلد 16۔ 1997ء) — Page 299
خطبات طاہر جلد 16 299 خطبہ جمعہ 2 رمئی 1997 ء جماعت اٹھ کھڑی ہو کیونکہ نئی صدی میں ہم نے داخل ہونا ہے جس کی تمام ذمہ داریاں ہم پر ڈالی جائیں گی ( خطبه جمعه فرموده 2 رمئی 1997 بمقام نن سپیٹ۔ہالینڈ ) تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور نے فرمایا: آج کا یہ خطبہ میں ہالینڈ ( نن سپیسٹ) سے دے رہا ہوں جہاں اس وقت اللہ تعالیٰ کے فضل کے ساتھ جماعت احمدیہ ہالینڈ کے سالانہ جلسے کا آغاز ہورہا ہے۔جو باتیں میں اس سے پہلے چند خطبات میں کہتا رہا ہوں ان کا تعلق تو بہ سے ہے اور اسی تعلق میں ہالینڈ کی ضروریات کو بھی میں پیش نظر رکھتے ہوئے کچھ اور باتیں آپ کے سامنے رکھوں گا۔ہالینڈ کی ضروریات دراصل باقی ملکوں کی ضروریات سے بنیادی طور پر تو الگ نہیں لیکن ہر ملک کے ماحول اور حالات کا ایک فرق ہوا کرتا ہے اسی فرق کی نسبت سے جماعت احمدیہ کو اپنی حکمت عملی طے کرتے ہوئے بعض خاص پہلو اختیار کرنے پڑتے ہیں۔ہر قوم کا ایک مزاج ہے باوجود اس کے کہ ہالینڈ یورپ ہی کا ایک حصہ ہے مگر مزاج کے اعتبار سے یورپ کی ہر قوم میں ایک فرق ہے اور بہت نمایاں امتیاز ہیں جو ایک کو دوسرے سے الگ کرتے ہیں۔تو اس پہلو سے ہالینڈ یورپ کا حصہ ہوتے ہوئے بھی ان سے ایک الگ شخصیت رکھتا ہے اور اس شخصیت کی پہچان ضروری ہے جس کے بغیر ہم حقیقی معنی خیز اور مفید لائحہ عمل بنا نہیں سکتے۔پس جب میں نے ہالینڈ کی ضرورت کہا تو ایک تو یہ امتیازی ضرورت ہے جس کا ہالینڈ ہی سے تعلق ہے