خطبات طاہر (جلد 15۔ 1996ء) — Page 75
خطبات طاہر جلد 15 75 خطبہ جمعہ 26 جنوری 1996ء تو بھوک ان کی ٹھیک ہو جاتی ہے۔بعض لوگ ڈائٹنگ کرتے ہیں لیکن روزے کے بعد ان سے ڈائٹنگ نہیں ہو سکتی کیونکہ جسم کی طرف سے ایسی بھڑ کی لگتی ہے کہ مجبور کرتی ہے کہ ضرور انسان کچھ نہ کچھ کھائے ورنہ بے چینی رہتی ہے یعنی بے چینی زیادہ بڑھ جاتی ہے۔یہ وہ مضمون ہے جو صحت سے تعلق رکھتا ہے اور اس کی اور بھی بہت سی شاخیں ہیں۔تمام تفصیل شاخوں کی بحث، میں اس خطبے میں نہیں اٹھانا چاہتا مگر یہ یقین کریں کہ جنہوں نے غور کیا ، جنہوں نے تحقیق کی وہ اس نتیجہ پر پہنچے کہ روزہ صحت کا ضامن ہے، روزہ صحت کو نقصان نہیں پہنچاتا۔چنانچہ ایک تحقیق کا شاید میں نے پہلے بھی ذکر کیا تھا۔اسرائیل میں اس مضمون پر ریسرچ ہوئی اور ان کی نیت بظاہر یہی معلوم ہوتی تھی کہ وہ ثابت کریں کہ مسلمانوں کا جو یہ طریق ہے روزے رکھنے کا یہ ان کے لئے نقصان دہ ہے اور بچوں کو بھی نقصان پہنچتا ہے بڑوں کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔چنانچہ پوری گہری ریسرچ کی گئی ، ایک بڑی ٹیم نے اس پر کام کیا اور یہ بھی پیش نظر تھا کہ روزے کے دنوں میں تو بعض لوگ پہلے سے بھی بڑھ کر کھاتے ہیں اور زیادہ کھانے کے نتیجے میں اور بیچ میں فاقے رہنے کے نتیجے میں ایسا نقصان ان کو پہنچ سکتا ہے کہ پھر وہ بعد میں سنبھل نہ سکیں۔جوریسرچ کا ماحصل تھا اس نے ان کو حیران کر دیا بالکل برعکس نتیجہ نکلا۔جس چیز کی تلاش میں تھے اس کی بجائے یہ کہنے پر مجبور ہو گئے کہ جتنی تحقیق کی گئی ہے اس کے نتیجے میں رمضان کے مہینے کے بعد انسان بہتر صحت کے ساتھ باہر نکلتا ہے، کمزور ہو کے نہیں نکلتا۔ہر پہلو سے اس کے جائزے لئے گئے۔کولیسٹرول لیول کے لحاظ سے جائزے لئے گئے Metabolism کی Ratios کے آپس میں توازن کے لحاظ سے لئے گئے غرضیکہ باقاعدہ ریسرچ کا جو حق ہے وہ ادا کیا گیا اور نتیجہ یہ نکلا ہے۔پس آنحضرت صلى الله نے چودہ سو سال پہلے جو بات فرمائی دیکھیں کیسی صحت کے ساتھ وہ بات فرمائی ،کتنی سچی بات فرمائی صـومـو تـصـحـوا روزے رکھا کر و صحت اچھی ہو جائے گی ، یہ خیال نہ کرنا کہ تمہاری صحت بگڑے گی۔پھر ایک موقع پر فرمایا صبر کے مہینے کے روزے سینے کی گرمی اور کدورت دور کرتے ہیں اور رمضان کا مہینہ صبر کا مہینہ کہلاتا ہے کیونکہ اپنی خواہشات پر صبر کرنا ہے اپنے غصوں پر صبر کرنا ہے نیکیوں پر جم کے بیٹھنا ہے۔بدیوں کی طرف جو تحریک ہے اس کا مقابلہ کر کے رک جانا ہے۔ان سب چیزوں کو صبر کہا جاتا ہے۔تو فرمایا صبر کے مہینے یعنی رمضان کے روزے سینے کی گرمی اور کدورت کو دور