خطبات طاہر (جلد 15۔ 1996ء) — Page 338
خطبات طاہر جلد 15 338 خطبہ جمعہ مورخہ 3 مئی 1996ء تو حید کا مضمون چلا اگر گندگی کی بجائے نفس کی پاکیزگی کا مضمون جاری ہوا تو ان کی بلاء کو بھی دلچسپی نہیں ہوگی۔ہاں وہ لوگ جو اس ٹیلی ویژن کے ذریعے اچھی باتیں سنتے ہیں، اچھی باتیں دیکھتے ہیں ان کو اور ان کی اولادوں کو ہمیشہ خطرہ رہے گا کہ اسی زاویے، اسی سمت، اسی قبلے سے گندگی کو بھی دیکھیں اور رفتہ رفتہ گندگی ان کو کھینچ کر دوسری سمت میں لے جایا کرتی ہے۔یہ وہ مضمون تھا جو میرے پیش نظر تھا اور یہ بعینہ ان آیات کے مضمون کے دائرے میں ہے۔پس ہم نے جو قبلہ بدلا ہے یہ مسیح قبلہ ہے۔یہ اس رخ کا قبلہ ہے جہاں گندگی چلتی ہی نہیں اور یہ وہ سیٹلائیٹ سسٹم ہے جہاں تمام اہم سنجیدہ پروگرام جاری ہوتے ہیں کیونکہ یہ حکومتوں کے حکومتوں سے رابطے اور بین الاقوامی خبروں کے رابطوں کے لئے استعمال ہوتا ہے اور براہ راست عوام الناس کو اس میں کوئی دلچسپی نہیں اس لئے Institutions اس سے فائدہ اٹھاتی ہیں اور عوام الناس اس قسم کے انٹینے لگاتے ہی نہیں کہ وہ اس پر وگرام کو دیکھ سکیں، ان کو دلچسپی کوئی نہیں۔پس ہم نے اپنا قبلہ وہاں اس طرف معین کر لیا ہے جہاں ایک ہی ٹیلی ویژن ہے جولوگوں کے گھروں تک بھی پہنچے گا اور پاک باتیں بیان کرے گا ، اسلام کی کچی اور پاکیزہ تصویر کھینچے گا، تو حید کے گیت گائے گا اور اس میں کوئی گندگی نہیں ہوگی۔پس یہ جو تبدیلی ہے یہ بہت ہی اہم اور بابرکت تبدیلی ہے اور اس تبدیلی نے ہمیں ایک اور بھی فائدہ پہنچا دیا۔وہ فائدہ یہ ہے کہ جب بھی کسی چیز کا قبلہ تبدیل ہو تو کچھ لوگ جو اعلیٰ مقصد سے وابستہ نہیں ہوتے بلکہ محض جسمانی طور پر یا رسمی طور پر اس طرف منہ کئے بیٹھے ہوتے ہیں اور اصل دلچپسی ان کی توحید میں نہیں ہوتی، اصل دلچسپی ان کی اللہ تعالیٰ کی ذات میں نہیں ہوتی۔جب قبلے تبدیل ہوں تو پھر وہ لوگ پیچھے رہ جایا کرتے ہیں اس وقت وہ ننگے ہو جاتے ہیں۔وہ مضمون قرآن کریم نے خود کھول کر بیان فرمایا ہے اگر چہ اس موجودہ مضمون کے مقابل پر وہ ایک بہت ہی اعلیٰ درجے کا مضمون ہے لیکن آنحضرت ﷺ اور قرآن کریم کے مضامین کے سائے میں ہی آگے چھوٹے چھوٹے مضمون، انہی کی مطابقت میں پیدا ہوتے ہیں۔پس آج کا جو یہ مضمون ہے تحویل قبلہ کے سائے کے تلے ہے، اسی کے تابع ہے۔MTA نے جو اپنا قبلہ بدلا تو گندگی سے دور ہٹا اور اعلیٰ مقاصد کی طرف مائل ہوا اور اپنے پروگراموں کو گندگی سے اور بھی زیادہ دور کر دیا جتنے وہ پہلے دور تھے۔