خطبات طاہر (جلد 12۔ 1993ء) — Page 466
خطبات طاہر جلد ۱۲ 466 خطبه جمعه ۱۸ جون ۱۹۹۳ء پس اسلام ایک ایسا کامل مذہب ہے جو حسن سے لبالب بھر چکا ہے اور چونکہ اس کے حسن میں اضافہ نہیں ہو سکتا اس لئے آخری ہے۔اس دعویٰ کو جب ہم دنیا کے دیگر مذاہب کے ساتھ پر کھتے ہیں تو ہر اس شعبے میں جس میں مذہب تعلیم دیتا ہے، اسلام کی تعلیم زیادہ خوبصورت ، کامل بلکہ اکمل دکھائی دیتی ہے۔کوئی ایک بھی شعبہ زندگی کا نہیں جس میں انسان کو دلچسپی ہو یا انسان کے لئے دلچسپی ہونی چاہئے اور اُس شعبے میں قرآن کی تعلیم باقی تمام مذاہب کی تعلیم سے زیادہ حسین تر اور مناسب تر نہ ہو۔اب لفظ عبادت کا استعمال ہو رہا ہے۔ہر مذہب کے ساتھ عبادت کا تعلق ہے۔دنیا میں کوئی مذہب عبادت کے تصور کے بغیر رہ نہیں سکتا لیکن میں نے اس پہلو سے دنیا کے مذاہب کا مقابلہ کر کے دیکھا اور یہ جائزہ لیا کہ عبادت کے مضمون میں کس کس مذہب نے کیا کچھ بیان کیا ہے۔تو آپ جب اسلام کے ساتھ یہ موازنہ کر کے دیکھتے ہیں تو سارے مذاہب یوں لگتا ہے کہ از منہ گزشتہ کی چیزیں ہیں جن کا زمانہ حال سے کوئی دور کا بھی تعلق نہیں رہتا۔جیسے Evolution میں پیچھے رہ جانے والے جانور ہوں اور اُن کا انسان سے مقابلہ کیا جا رہا ہو۔اتنی وسعت ہے اسلام کی عبادت کی تعلیم میں کہ اُس کا کسی دوسرے مذہب کے ہاں تصویر ہی نہیں ملتا۔مثلاً ہندو مذہب کا مطالعہ کر لیجئے ، بدھ ازم کا مطالعہ کر لیجئے ، یہودیت کا کرلیجئے ، عیسائیت کا کر لیجئے۔ہر جگہ آپ کو عبادت کا مضمون تو ملے گا۔مگر یہ دکھائی نہیں دے گا کہ مختلف حالات میں عبادت کو کیا رنگ اختیار کرنا چاہئے؟ مجبوری کی عبادت کا کوئی ذکر نہیں ملے گا، بیمار کی عبادت کا کوئی ذکر نہیں ملے گا، مسافر کی عبادت کا کوئی ذکر نہیں ملے گا، ایسے بیمار کی عبادت کا ذکر نہیں ملے گا جو لیٹا ہوا ہو اور اٹھ بھی نہ سکتا ہو۔ایسے بیمار کی عبادت کا کوئی ذکر نہیں ملے گا جو منہ سے بول نہ سکتا ہو ، انگلی تک نہ ہلا سکتا ہو۔اُس کو کیا کرنا چاہئے ؟ عبادت کے ضمن میں آپ کو پاکیزگی کا تصور تو ملے گا لیکن یہ نہیں پتا چلے گا کہ اگر پانی میسر نہ ہوتو کیا کرنا ہے؟ پاکیزگی کا ذکر ملے گا تو پاکیزگی کی قسمیں موجود نہیں ہوں گی۔یہ نہیں پتا چلے گا کہ پاکیزگی کتنی قسموں کی ہے؟ کس حد تک انسان ادنیٰ حالت میں پاکیزگی اختیار کر کے عبادت کے لائق ہوسکتا ہے؟ درجہ بدرجہ پاکیزگی کتنا ترقی کرتی ہے؟ تیم سے لے کر یا خشک ڈھیلوں کے استعمال سے لے کر غسل تک تمام مختلف مراحل جو پاکیزگی کے ہیں اُن سب کا قرآن کریم میں یا احادیث میں یا سنت میں بیان