خطبات طاہر (جلد 12۔ 1993ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 465 of 1087

خطبات طاہر (جلد 12۔ 1993ء) — Page 465

خطبات طاہر جلد ۱۲ 465 خطبه جمعه ۱۸ جون ۱۹۹۳ء اسلام اپنی شان میں آخری اور کامل مذہب ہے۔ اسلام ایسا کامل مذہب ہے جو حسن سے لبالب ہے۔ ( خطبه جمعه فرموده ۱۸ رجون ۱۹۹۳ء بمقام نارتھ کیپ اوسلو ناروے) تشہد و تعوذ اور سورہ فاتحہ کے بعد حضور انور نے فرمایا:۔ اسلام کا یہ دعوی ہے کہ نہ صرف آخری مذہب ہے بلکہ کامل ہے اور کامل ہونے کی وجہ سے نہ آخری ہے ورنہ اپنی ذات میں محض آخری ہونا تو کوئی حقیقت نہیں رکھتا۔ ایک انسان جو سب سے آخر پر مرے گا وہ انسانوں میں سے آخری ہو گا لیکن فی الحقیقت آنحضرت ﷺ نے فرمایا ہے قیامت اشرار الناس پر آئے گی ( مشکوۃ کتاب العلم والفضل صفحه : ۵۸) ۔ ان لوگوں پر جو سب سے زیادہ شریر ہوں گے تو لازماً آخری مرنے والا شریر ترین انسان ہوگا اور اُس کے باوجود وہ آخری کہلائے گا۔ پس قرآن کریم کا یہ حسن ہے کہ محض آخری ہونے کا دعویدار نہیں ہے بلکہ اس بنا پر آخری ہونے کا دعویدار ہے کہ سب سے زیادہ کامل ہے۔ اگر حسن میں کوئی آخری ہو، درجہ کمال میں کوئی چیز آخری ہو تو وہ آخر ہونا کوئی معنی رکھتا ہے۔ اُس سے بہتر اُس نوع میں ، اس قسم میں اور کوئی چیز پیدا نہ ہو سکے۔ پس اسلام اگر کامل ہے تو لازماً اس نے آخری ہونا ہے کیونکہ کامل کے بعد اور کسی چیز کا تصور نہیں ہو سکتا۔ جو چیز درجہ کمال کو پہنچ جائے اُس سے نہ کچھ کم ہو سکتا ہے، نہ اس میں کچھ زیادہ ہو سکتا ہے۔ جیسا کوئی پیالہ لبالب بھر جائے اُس میں ایک قطرہ بھی نہ اضافہ کیا جاسکے، نہ اُس میں سے نکالا جا سکے کیونکہ جب نکالتے ہیں تو پھر اُس کو یہ نہیں کہہ سکتے کہ لبالب بھرا ہوا ہے۔