خطبات طاہر (جلد 11۔ 1992ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 653 of 1004

خطبات طاہر (جلد 11۔ 1992ء) — Page 653

خطبات طاہر جلدا 653 خطبہ جمعہ ا ار ستمبر ۱۹۹۲ء ذکر کریں گے تو آپ کی مجلسوں کو ذلیل و رسوا کر دیں گے۔غیبت بھی ہوگی اور بہت ہی گھٹیا بات ہو گی۔نظام جماعت پر اس کا بہت بُرا اثر پڑے گا اس لئے وہ لوگ جن کے سامنے یہ باتیں ہوتی ہیں وہ کراہت کے ساتھ کم سے کم اس مجلس سے ہی اٹھ جایا کریں اور جیسا کہ میں نے ایک دفعہ بیان کیا تھا اُن کا یہ حق ہے کہ وہ ایسے شخص کو کہیں کہ تم نے جو باتیں بیان کی ہیں، تمہارا فرض ہے تم ان کو متعلقہ افسران تک پہنچاؤ اور اگر نہیں پہنچاؤ گے تو میں پہنچاؤں گا اور بتاؤں گا کہ تم نے کسی مجلس میں یہ باتیں کی تھیں۔اگر اس طرح ساری جماعت ایک دوسرے کی نگران ہو جائے تو بہت سی بدیاں اس میں سے کٹ چھٹ کر الگ ہو جا ئیں اور اللہ تعالیٰ کے فضل کے ساتھ جماعت صحت کے ساتھ نشو ونما پائے گی۔جیسا کہ میں نے بیان کیا تھا باتیں بہت سی تھیں لیکن کچھ اس مختصر وقت میں سب سے اہم بات کی طرف میں نے متوجہ کر دیا ہے۔عبادت پر قائم ہوں اور عبادت کا مغز حاصل کرنے کی کوشش کریں ، عبادت میں لقاء حاصل کرنے کی کوشش کریں، اللہ تعالیٰ سے محبت کے جلوے ڈھونڈمیں اور سچائی پر قائم ہو جائیں اور لغو اور بیہودہ باتوں سے اپنے معاشرے کو پاک کر دیں تو اگر آپ ایسا کریں گے تو اللہ تعالیٰ کے فضل سے آپ کی جماعت بہت تیزی سے ترقی کرے گی کیونکہ آپ کے اندر ترقی کا مادہ موجود ہے۔آپ کے اندر جوانی کا خون زیادہ ہے بڑھاپے کی نسبت اور دین کی محبت پائی جاتی ہے۔پس اللہ کرے کہ آپ کی یہ خوبیاں آپ کی دوسری برائیوں کو زائل کرنے کا موجب بن جائیں اور آپ کے اندر دائمی زندگی پیدا کرنے کا موجب ہو جائیں جو تعلق باللہ سے حاصل ہوتی ہے۔خدا کرے کہ ایسا ہی ہو۔ابھی نماز جمعہ ہوگی ساتھ نماز عصر جمع ہوگی۔پھر پرچم کشائی ہے پھر انشاء اللہ تعالیٰ ہم با قاعدہ جماعت جرمنی کے جلسے کے پہلے اجلاس کی کارروائی کا آغاز کریں گے۔