خطبات طاہر (جلد 10۔ 1991ء) — Page 959
خطبات طاہر جلد ۱۰ 959 خطبہ جمعہ ۱۳؍ دسمبر ۱۹۹۱ء ہر ملک میں مراکز دعوت الی اللہ کے مستقل قیام کیلئے ہدایات داعین الی اللہ خدا نما وجود بننے کی کوشش کریں خطبه جمعه فرموده ۱۳ دسمبر ۱۹۹۱ء بمقام بیت الفضل لندن ) تشہد وتعوذ اور سورہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور نے فرمایا:۔دعوت الی اللہ کے کام کو زیادہ منظم اور مرتب کرنے کے سلسلہ میں میں کچھ ہدایات دے رہا ہوں۔اس سلسلہ میں ایک بہت ہی اہم چیز یہ ہے کہ ہر ملک میں کم از کم ایک مرکز دعوت الی اللہ کے مستقل قیام کی ضرورت ہے۔اب یہاں انگلستان میں جہاں لندن میں ہیڈ کوارٹر ہے وہاں اگر کوئی باہر سے دعوت الی اللہ کرنے والا حاضر ہو یا اپنے کسی دوست کو لے کر آئے تو کوئی ایسا الگ ہال یا کمر نہیں ہے جہاں دعوت الی اللہ کے سلسلہ میں ہر قسم کی ضرورتیں بھی مہیا ہوتی ہوں اور دعوت الی اللہ کے کام کو سکھانے کے لئے انتظام بھی موجود ہو۔اس سلسلہ میں جس قسم کے مرکز کا قیام میرے ذہن میں ہے میں اس پر مزید تفصیل سے روشنی ڈالتا ہوں۔میرے خیال میں ہر جگہ جہاں کوئی مربی ہو یا تمام بڑی جماعتوں میں یا کم از کم آغاز میں ملک کے ہیڈ کوارٹر میں جہاں ملک کا مرکز ہو وہاں ایک جگہ خصوصیت سے دعوت الی اللہ کے لئے مخصوص کرنی چاہئے اور اس میں دعوت الی اللہ میں استعمال ہونے والی وہ تمام ضروریات مہیا ہونی چاہئیں جن کا خصوصیت سے اس ملک سے تعلق ہو۔کچھ تو ایسی ضروریات ہیں جو تمام دنیا میں مشترک ہیں اور کچھ ایسی ہیں جن کا مختلف ملکوں سے خصوصی تعلق ہوتا ہے۔پس جو مشترک ضروریات ہیں وہ تو ہر ملک میں اس طرح ہوں گی لیکن خصوصی ضروریات مثلاً گھانا Ghana سے تعلق رکھنے والی، بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والی ، امریکہ