خطبات طاہر (جلد 10۔ 1991ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 927 of 1098

خطبات طاہر (جلد 10۔ 1991ء) — Page 927

خطبات طاہر جلد ۱۰ 927 خطبہ جمعہ ۲۹ نومبر ۱۹۹۱ء طرف میں نے اپنے مبلغ صاحب کو توجہ دلائی کہ آپ ان میں کام کریں اور ان لوگوں سے کام لیں۔یہ جو آپ کے پاس آتے ہیں ، بعض ان میں سے بیعت کر چکے ہیں ، بعض نے نہیں کی۔ان سے آگے کام چلائیں۔وہ اپنے بھائیوں اور دوستوں کو آپ کے پاس لے کر آئیں ورنہ اگر آپ نے محض ڈاک میں لٹریچر بھیجنا شروع کیا تو اکثر اوقات اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دیتا۔آپ کو بھی اشتہار پہنچتے رہتے ہیں اور کئی قسم کے لٹریچر پہنچتے رہتے ہیں۔جن چیزوں میں آپ کو ذاتی دلچسپی ہے ان میں آپ کچھ نظر ڈال بھی لیتے ہیں مگر عام طور پر اس کو ایک نظر ڈال کر پھینک دیتے ہیں۔مذہب کے پیغام میں دنیا سب سے کم دلچسپی لیتی ہے کیونکہ یہ پیغام سنتے ہی آدمی سمجھتا ہے کہ مجھے تبدیل کرنے کی کوشش کی جائے گی مجھے اپنے تعلقات کے دائرے منقطع کرانے کی کوشش کی جائے گی اور خواہ مخواہ کی مصیبت میں سہیڑوں ، کیا ضرورت ہے؟ پس اگر پہلے کوئی اور تعلق قائم نہ ہو چکا ہو تو بیرونی طور پر ذاتی رابطے کے بغیر جو پیغام پہنچتے ہیں بالعموم انسان ان میں دلچسپی نہیں لیتا۔اس پہلو کو میں الگ زیر بحث لاؤں گا کہ ایسا کام اگر کر نا ہوتو دلچسپی پیدا کرنے کے ذرائع کیا ہیں؟ مگر میں واپس اس مقام پر پہنچتا ہوں جہاں سے بات دوسری طرف چل پڑی کہ ایسے شخص سے آپ کو آخر یہ پوچھنا چاہئے کہ میری معلومات کے مطابق یہاں چینی بھی بستے ہیں ، روسی بھی بستے ہیں، پرتگیزی بھی آئے ہوئے ہیں، افریقہ کے فلاں فلاں ممالک کے لوگ ہیں۔ویسٹ انڈینز (West Indians) ہیں۔بہت سے طبقات ہیں۔آپ کے ماحول میں بھی کچھ ایسے لوگ رہتے ہیں کبھی آپ نے معلومات حاصل کیں؟ آپ کے ساتھ کام کرنے والوں میں کچھ ایسے لوگ ہیں کہ نہیں ہیں؟ اگر ہیں تو آپ نے کبھی رابطے کی کوشش کی اور رابطے کی کوشش اگر کی تو کس طرح کی؟ اگر ایک اجنبی آدمی کو آپ رابطہ کر کے یہ کہنا شروع کر دیں کہ آؤ اسلام قبول کر لو تو ذاتی رابطے کے باوجود وہ کچھ تو سنے گا لیکن طبعا اس کے دل میں اس کے خلاف رد عمل ہوگا۔جس کو تبلیغ کی جاتی ہے پہلے اس کی دلچسپی کے دائروں کی تلاش کرنی پڑتی ہے اس لئے جب یہ مضمون چھیڑیں گے تو اور تفاصیل میں جانا پڑے گا۔بات سے بات نکلتی چلی جائیگی۔اگر اُس نے مثال کے طور پر رابطے کئے ہیں تو آپ کا کام ہے کہ اُس سے پوچھیں کہ رابطے کا نتیجہ کیا نکلا؟ ایک چینی نے کیا جواب دیا، ایک ترک نے کیا جواب دیا۔ایک Gambian نے کیا جواب دیا۔وغیرہ