خطبات طاہر (جلد 10۔ 1991ء) — Page 832
خطبات طاہر جلد ۱۰ 832 خطبه جمعه ۱۸ اکتوبر ۱۹۹۱ء عملاً خدا کی ہستی سے ہی نا واقف ہو چکے ہیں ان میں جب اس قسم کے رجحان پہنچیں گے تو اسلام کے اندر جو اس وقت دلچسپی پیدا ہورہی ہے اس سے فائدہ اٹھانے کی بجائے نقصان اٹھا جائیں گے۔ان کو پتہ ہی نہیں لگے گا کہ جو ہم سیکھ رہے ہیں یہ محض سیاست ہے قوم پرستی ہے ،اس سے زیادہ اس کی کوئی حیثیت نہیں پس پیشتر اس سے کہ غلط تصورات وہاں پہنچ کر ان کی پیاس پر قابض ہو جائیں اور جسے وہ پانی سمجھ کر پی رہے ہوں وہ دراصل زہر کے پیالے ہوں کثرت سے احمدیوں کو وہاں پہنچنا چاہئے اور آب حیات لے کر پہنچنا چاہئے اسلام کو اسلام کے رنگ میں ، خالص اسلام کے طور پر ان تک پہنچانا چاہئے اور ان کی ضرورتوں کو سیراب کرنا چاہئے۔پس یہ ایک دو کی بات نہیں ہے سینکڑوں چاہئیں اور میں تو سمجھتا ہوں کہ اگر زبان سے کلیڈ نابلد بھی ہوں اور مترجم بھی مہیا نہ ہوں تو اگر احمدی مختلف علاقوں میں جا کر دو ہفتے ، مہینے کے لئے ایسے اڈے لگالیں کہ جہاں وہ دعائیں کرتے رہیں ، لوگوں کو اپنی طرف بلائیں اور اشاروں کے ساتھ نمازیں پڑھنا سکھائیں اور نیکی کی تعلیم جس حد تک ان کو توفیق ملے اشاروں کنایوں سے ان کو دینے کی کوشش کریں اور دعائیں سکھائیں۔دعا کر کے بتائیں ، اشاروں سے اپنے مقصد کو سمجھانے کی کوشش کریں تو چونکہ یہ خالصہ للہ ہو گا۔اس لئے مجھے یقین ہے کہ ان بے زبانوں کو بھی خد تعالی اثر کی زبان عطا کر دے گا اور اثر کی زبان لفظوں کی محتاج نہیں ہوا کرتی۔وہ دلوں تک براہ راست پہنچتی ہے۔ضرورتیں بہت زیادہ ہیں اور وقت بہت کم ہے کیونکہ جو خبریں آرہی ہیں وہ بڑی متوحش ہیں۔دو قسم کے اثرات اس وقت نئے آزاد ہونے والے مشرقی ، یورپ اور روس میں بڑے نمایاں طور پر دکھائی دینے لگے ہیں۔ایک عیسائیت کا چرچہ اور بڑی کثرت کے ساتھ پرانے کلیساؤں کو ازسر نو مرمت کر کے اور زینت دے کر باوقار بنانا اور اس کی ظاہری کشش سے لوگوں کو اپنی طرف کھینچنے کے لئے جدو جہد کرنا۔ایک یہ کام بڑی تیزی سے ہو رہا ہے پھر عیسائیت کے نام پر مالی اور دوسری امداد بہت مل رہی ہے۔پھر مغربی عیسائی قوموں کے ساتھ ہمنوائی کا جو موقع ہے یہ بھی آج کل روس میں ایک فخر بن رہا ہے اور لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ لوگ جو مغربی قوموں کے زیادہ دوست بن کر ابھریں گے وہ زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں گے اور آج کل کی یہی ہوا چل رہی ہے اس ہوا میں ہمیں بھی ساتھ چلنا چاہئے۔اس کے نتیجہ میں عیسائیت کو فروغ کے لئے نئے نئے مواقع عطا ہور ہے ہیں۔