خطبات طاہر (جلد 10۔ 1991ء) — Page 739
خطبات طاہر جلد ۱۰ 739 خطبہ جمعہ ۱۳ ر ستمبر ۱۹۹۱ء مجلس عاملہ اور امارت کے فرائض کی باہمی تقسیم۔جماعت کا مالی نظام دنیا کا بہترین نظام ہے جو دیانت وامانت پر قائم ہے جس کی حفاظت نہایت ضروی ہے۔(خطبہ جمعہ فرموده ۱۳ ستمبر ۱۹۹۱ء بمقام بیت النور من سپلیٹ (ہالینڈ) تشہد وتعوذ اور سورہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور نے فرمایا:۔گزشتہ تین خطبات جمعہ میں میں نے بعض ایسی تکلیف دہ باتوں کا ذکر کیا تھا جو نظام جماعت کے عدم احترام سے پیدا ہوتی ہیں۔تقویٰ کی کمی سے یا علم کی کمی کے نتیجہ میں یا عام عقل کی کمی کے نتیجہ میں چھوٹی چھوٹی باتیں فتنوں کا رنگ اختیار کر جاتی ہیں اور نظام جماعت کے لئے خطرہ بن جاتی ہیں۔یہ اللہ تعالیٰ کا احسان ہے کہ نظام خلافت کے تابع ہر ایسے فتنے کو اٹھنے سے پہلے ہی ختم کر دیا جاتا ہے ورنہ اگر نظام خلافت نہ ہوتا تو اب تک یہ جماعت خدا جانے کتنے ٹکڑوں میں بکھر چکی ہوتی۔لیکن اصل حکمت کا تقاضا یہ ہے کہ فتنے اٹھنے سے پہلے ہی ان کے احتمالات کو ختم کیا جائے۔اسی غرض سے میں نے خطبات کا یہ سلسلہ شروع کیا تا کہ احباب جماعت کو خوب اچھی طرح علم ہو کہ کون کون سی غلطیاں کیا کیا بدنتائج پید کرتی ہیں اور وہ فتنے کو آغاز ہی میں دیکھ کر پہچان سکیں۔جب مرض پہچانی جائے اور اس کا شعور پیدا ہو جائے تو اس پر قابو پانا کچھ مشکل نہیں ہوتا۔آغاز ہی میں مرض کی شناخت ہونی ضروری ہے اور جن کو مرض کی شناخت نہ ہو مرض اکثر اوقات ان کے اختیار سے باہر نکل جاتی ہے۔