خطبات طاہر (جلد 10۔ 1991ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 700 of 1098

خطبات طاہر (جلد 10۔ 1991ء) — Page 700

خطبات طاہر جلد ۱۰ 700 خطبه جمعه ۲۳ اگست ۱۹۹۱ء میں ان کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ بہت سے احمدی ہیں جن کو میں ذاتی طور پر جانتا ہوں کہ وہ جیسا کہ میں نے بیان کیا عام حالات میں متقی ہیں اور ان کی میرے دل میں بہت جگہ ہے اور بعض متقی نہ بھی ہوں تو میں ان سے آہستہ آہستہ تقویٰ کی توقع رکھتا ہوں کیونکہ میں جانتا ہوں کہ وہ رفتہ رفتہ روبہ اصلاح ہیں اور ان کی بعض خوبیوں کی وجہ سے بھی ان سے گہراتعلق رکھتا ہوں۔اس قسم کے یہ لوگ جب آپس میں لڑ پڑیں تو ان کو یہ سوچنا چاہئے کہ میرے دل میں تینوں بیٹھے ہوئے ہیں۔وہ عملاً میرے دل کو پھاڑتے ہیں۔کیسی میری بے اختیاری کی حالت ہوتی ہے، کیسی میری تکلیف کی حالت ہوتی ہے کہ دل کا ایک ٹکڑا دوسرے ٹکڑے سے نفرت کرتا ہے اس کو دھکیل رہا ہوتا ہے۔سوائے اس کے میں کچھ نہیں کر سکتا کہ بالآخر تینوں کو اس دل سے باہر نکال پھینکوں۔اگر وہ اس وقت اس پر آمادہ ہیں تو پھر جو چاہے کرتے پھریں لیکن اگر وہ میرے دل میں اپنی جگہ کو قائم رکھنا چاہتے ہیں تو ان کو کوئی حق نہیں ہے کہ مجھ سے محبت رکھتے ہوئے میرے دل کے ٹکڑے کریں اور اس کو پھاڑنے کی کوشش کریں اس لئے نہ صرف یہ کہ آپ نصیحت پکڑیں اپنے ماحول کو سنبھالیں ورنہ لازماً اچھی جماعت ہونے کے باوجود یہ جماعت ہمیشہ کے لئے تنزل کا شکار ہو جائے گی اور یہ فتنہ اردگرد پھیل کر مزید جماعت کے ٹکڑے کر دے گا۔اللہ تعالیٰ ہمیں توفیق عطا فرمائے کہ ہم ان فتنوں سے بچیں۔اب یہ چھوٹی سی مثال غیبت کی تھی۔دیکھیں کہاں سے بات نکلی کہاں تک پہنچی۔اب آپ کو علم ہو گا کہ قرآن کریم نے کیوں اس جلال اور شان کے ساتھ آپ کو متنبہ فرمایا تھا کہ ہر گز غیبت میں مبتلا نہ ہونا یہ مردہ بھائی کے گوشت کھانے والی بات ہے۔