خطبات طاہر (جلد 10۔ 1991ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 681 of 1098

خطبات طاہر (جلد 10۔ 1991ء) — Page 681

خطبات طاہر جلد ۱۰ 681 خطبہ جمعہ ۶اراگست ۱۹۹۱ء کو الہی نور میں تبدیل کر دیتی ہے۔پس اس طرح اپنی نیتوں کو ٹولنا شروع کریں اور جہاں بدی دیکھیں وہاں ٹھہر کر اس کے علاج کے متعلق غور کریں تو بہ سے کام لیں اور تو بہ اکیلی کافی نہیں ہوا کرتی جب تک کہ دوبارہ اس جڑ کو ڈھانپا نہ جائے اور اس دفعہ کا جوڈھانپنا ہے اس کا نام استغفار ہے۔اللہ تعالیٰ سے مدد مانگیں۔اس سے کہیں کہ میری جڑ تو ننگی ہوگئی، اس کے حال سے میں خوب مطلع ہو گیا اب دوبارہ میں اسے ڈھانپتا ہوں لیکن اسے زندگی بخشا اور صحت بخشا اب تیرا کام ہے اس لئے تو اپنے فضل کی مٹی سے اسے ڈھانپ دے تا کہ یہ صحت مند نشو و نما پاسکے۔اس طرح اگر آپ اپنی روزمرہ کی زندگی میں اپنے حالات اور اپنی نیتوں کی اصل اور کنہہ سے واقف ہونے کی کوشش شروع کر دیں تو میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ روزانہ آپ ایک نیا سفر کریں گے۔روزانہ اپنے نفس کا ایک نیا مشاہدہ آپ کو نصیب ہوگا اور یہ ایک لامتناہی سفر ہے کیونکہ جیسا کہ میں نے بیان کیا تھا انبیاء کو چھوڑ کر کیونکہ انبیاء کے استغفار کا مضمون بالکل الگ ہے جس کو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے ایک بڑی شان کے ساتھ بیان فرمایا ہے اور وہ ایک ایسا اچھوتا مضمون ہے کہ جس کو تقویٰ کی روشنی کے بغیر کوئی شخص بیان کرنے کی اہلیت ہی نہیں رکھ سکتا۔تو انبیاء کا حال چھوڑ کر کوئی نیک میری نظر میں ایسا نہیں جو یہ سفر مکمل کر سکے کیونکہ جتنا وہ کھوج لگائے گا جتنا اپنے اندر ڈوبے گا اسے ضرور کچھ نہ کچھ ایسا گند دکھائی دے گا جسے صاف کرنا ضروری ہے، کچھ نہ کچھ جڑیں ضرور بیماریوں میں مبتلا نظر آئیں گی جن کی صفائی ضروری ہے اور دوبارہ پھر استغفار سے ان کا ڈھانپنا ضروری ہے۔اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے۔آمین