خطبات طاہر (جلد 10۔ 1991ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 141 of 1098

خطبات طاہر (جلد 10۔ 1991ء) — Page 141

خطبات طاہر جلد ۱۰ 141 خطبه جمعه ۱۵ فروری ۱۹۹۱ء تبدیلیاں پیدا کرنی چاہئیں اور پھر یہود کو مشورہ دوں گا کہ تم اگر ان باتوں سے باز نہیں آؤ گے تو قرآن کریم نے تمہارے لئے کونسا مقدر پیش کیا ہے اور اگر تم فائدہ نہیں اٹھاؤ گے ان نصیحتوں سے تو پھر تم اس مقدر سے بچ نہیں سکتے ۔ اور تیسرا عربوں اور مسلمانوں کو مشورہ دوں گا انشاء اللہ کہ اس نئی بدلتی ہوئی دنیا میں تمہیں کیا کردار ادا کرنا چاہئے۔ کونسی غلطیاں کر بیٹھے ہو جن کا اعادہ نہیں ہونا چاہئے اور آئندہ کے لئے کیا لائحہ عمل ہو۔ اور چوتھا دنیا کی مختلف قوموں کو مشورہ دوں گا کہ کسی طرح جھوٹے خداؤں سے آزادی کے لئے ایک معقول اور پر امن جدوجہد کے لئے تیار ہو جاؤ۔ یہ جاہلانہ جذباتی باتیں ہیں کہ انگریز سے نفرت کرو، امریکہ سے نفرت کرو۔ یہ ہیں ہی پاگلوں والی باتیں ۔ دنیا میں نفرت کبھی کامیاب ہوہی نہیں سکتی ۔ اعلیٰ اقدار کامیاب ہوتی ہیں۔ محمد مصطفے صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کی سیرت کامیاب ہوا کرتی ہے اور وہ خلق عظیم کی سیرت ہے۔ مسلمان اگر اس سیرت کو اپنا لیں تو سب دنیا کے لئے ایک عظیم الشان نمونہ بنے گا اور وہ ایک ایسی سیرت ہے جو مغلوب ہونے کے لئے پیدا نہیں کی گئی۔ کوئی دنیا کی طاقت سیرت محمد پر غالب نہیں آسکتی ۔ پس اس انصاف کی سیرت کی طرف لوٹو ۔ اس نمونے کو اختیار کرو۔ تو پھر انشاء اللہ ساری دنیا کے مسائل طے ہو سکتے ہیں اور وہ حقیقی انقلاب نو آ سکتا ہے جسے ہم اس دنیا میں خدا کی عطا کردہ ایک جنت قرار دے سکتے ہیں ۔ اگر نہیں تو اسی طرح یہ لڑتے مرتے رہیں گے ۔ اسی طرح دنیا ابتلاؤں ۔ ۔ اور فسادوں میں مبتلا رہے گی۔ لیکن اب چونکہ وقت زیادہ ہو گیا ہے اس لئے باقی باتیں آئندہ جمعہ کو۔ انشاء اللہ ۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ