خطباتِ ناصر (جلد 8۔ 1979ء، 1980ء) — Page 75
خطبات ناصر جلد ہشتم ۷۵ خطبہ جمعہ ۲/ مارچ ۱۹۷۹ء دنیا کو خدا تعالیٰ کی طرف واپس لانا جماعت احمدیہ کا کام ہے خطبه جمعه فرموده ۲ / مارچ ۱۹۷۹ء بمقام مسجد اقصیٰ۔ربوہ تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور نے فرمایا:۔قرآن عظیم نے اللہ تعالیٰ کے ذکر پر، ذکر باری پر ، خدا تعالیٰ کو یاد رکھنے پر بہت زور دیا ہے۔بعض مقامات میں تفصیل سے بعض باتوں کا ذکر کر کے انسان کو خدا تعالیٰ کے ذکر کی طرف توجہ دلائی ہے اور بعض آیات میں اصولی تعلیم بیان کی اور اس بنیادی حقیقت کی طرف انسان کو متوجہ کیا ہے۔سورۃ جمعہ میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:۔وَاذْكُرُوا اللهَ كَثِيرًا ( الجمعة : ۱۱) اللہ تعالیٰ کا ذکر کثرت سے کیا کرو لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ۔اور اس کے نتیجہ میں ہی تمہیں کامیابی ملے گی۔قرآنی تعلیم ہمیں بتاتی ہے کہ انسانی زندگی کی کامیابی یہ ہے کہ انسان خدا تعالیٰ کی منشا کے مطابق اپنی زندگی گزارے اور یہ کوشش کرے کہ اس کی جو صلاحیتیں اور استعدادیں ہیں یا جو خدا تعالیٰ نے اس کے اندر صفتیں پیدا کی ہیں ان پر اللہ تعالیٰ کا رنگ چڑھے اور اس کے لئے یہ ضروری ہے کہ ہمیں اللہ تعالیٰ کی ذات اور اس کی صفات کی معرفت حاصل ہو۔خدا تعالیٰ کی ذات اور صفات کی معرفت کے لئے یہ ضروری ہے کہ خدا تعالیٰ کی صفات کے جو جلوے اس دنیا میں ظاہر ہوئے یا ہوتے ہیں ان کی معرفت ہمیں حاصل ہو۔