خطباتِ ناصر (جلد 8۔ 1979ء، 1980ء) — Page 5
خطبات ناصر جلد ہشتم خطبہ جمعہ ۱۲ جنوری ۱۹۷۹ء قرآن کریم نے انسانی حقوق کو بیان کیا اور ان کی حفاظت فرمائی خطبه جمعه فرموده ۱۲ جنوری ۱۹۷۹ء بمقام مسجد اقصیٰ۔ربوہ تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور نے فرمایا:۔میرا آج کا یہ خطبہ ۲۹ دسمبر کے خطبہ کے تسلسل میں ہے۔ہمیں یہ سمجھایا گیا ہے کہ محمد صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلم کا مقام ہر دو جہان میں سب سے بلند و بالا ہے۔لَوْلاكَ لَمَا خَلَقْتُ الْأَفَلَاكَ اور جو شریعت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم پر نازل ہوئی وہ ایک کامل اور مکمل شریعت ہے اور اس شریعت میں انسانوں کے حقوق کو واضح طور پر بیان بھی کیا گیا اور ان کی حفاظت بھی کی گئی ہے کیونکہ انسانی زندگی کا مقصد خدا تعالیٰ کے پیار کو حاصل کرنا ہے جو اللہ تعالیٰ کے بتائے ہوئے راستہ پر چل کے حاصل ہوتا ہے اور ہمارے ہاتھ میں جو قرآنِ عظیم دیا گیا اس کے سارے احکام جو ہیں وہ خدا تعالیٰ کی رضا کے حصول کے لئے ہی ہیں۔قرآن کریم نے بنیادی طور پر انسان کا جو مقام انسان کو سمجھا یا وہ یہ ہے کہ کامل مذہبی آزادی اور مکمل آزادی ضمیر اسے عطا کی گئی ہے خدا تعالیٰ کی طرف سے۔اور اس ضمن میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو ہدایت بھی دی گئی اور آپ کے مقام کو بھی نمایاں کر کے بنی نوع انسان کے لئے مثال رکھا گیا۔