خطباتِ ناصر (جلد 7 ۔1977ء، 1978ء) — Page 39
خطبات ناصر جلد ہفتم ۳۹ خطبہ جمعہ ۱۱ فروری ۱۹۷۷ ء ہو جاتے ہیں۔میں نے پہلے بھی بتایا تھا کہ کمیونسٹ ملکوں میں سے تین ملک ایسے ہو گئے ہیں کہ جن کے اندراب پھر جان پیدا ہوئی ہے۔ایک ملک تو ایسا تھا کہ جہاں احمدی ہوئے لیکن پھر ان کا کوئی تعلق نہیں رہا۔اب پھر ہو گیا ہے دوسرے دو ملک ایسے ہیں جن میں مسلمانوں میں سے پہلی دفعہ احمدی ہوئے ہیں۔جس دن وہاں جماعت قائم ہوئی اسی وقت مطالبہ آگیا کہ ہمارے بچوں کو سنبھالنے کے لئے ہماری زبانوں میں ہمیں قرآن کریم کا ترجمہ دو، ہمیں اسلام کی اخلاقیات پر یعنی اخلاقی تعلیم پر کتابیں دو، اسلام کی دوسری تعلیم کے متعلق ہماری زبانوں میں ہمیں کتا ہیں دو اور یہ فرقان ہے جو ہمیں عطا ہوا ہے یہ میرے اور آپ کے زور سے نہیں ہوا بلکہ یہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی قوت قدسیہ کے نتیجہ میں ہے کہ جو بشارتیں اس زمانہ کے متعلق آپ کو دی گئی تھیں عین ان بشارتوں کے مطابق مہدی آگئے اور دنیا میں انقلاب عظیم کی بنیا د رکھ دی گئی ایک ایسا انقلاب، اسلام کے حق میں اور توحید خالص کو قائم کرنے کے لئے جس نے ساری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لینا ہے جیسا کہ وعدہ دیا گیا ہے اور اللہ تعالیٰ اپنے وعدوں کا سچا ہے۔ساری دنیا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے جھنڈے تلے جمع ہوگی لیکن اس کے لئے ہمیں ثواب پہنچانے کی خاطر ہم پر کچھ ذمہ داریاں ڈالی گئی ہیں ان ذمہ داریوں کو کبھی بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔خدا تعالیٰ سے دعاؤں کے ساتھ یہ توفیق حاصل کرو کہ تربیت کے اندرونی محاذ پہ بھی اور بیرونی محاذ پہ بھی تربیت کی جو ذمہ داری ہے اس کے نباہنے کی ہمیں تو فیق عطا ہو اور اللہ تعالیٰ کی رضا کو ہم اور ہمارے بھائی اور ہماری آنے والی نسلیں حاصل کرنے والی ہوں۔روزنامه الفضل ربوه ۳۰ / مارچ ۱۹۷۷ء صفحه ۲ تا ۴ )