خطباتِ ناصر (جلد 7 ۔1977ء، 1978ء) — Page 206
خطبات ناصر جلد ہفتم ۲۰۶ خطبہ جمعہ ۳۰ ستمبر ۱۹۷۷ء اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ جو شخص اللہ تعالیٰ پر ایمان لائے دل سے تصدیق بھی کر رہا ہو ، جرأت سے اظہار بھی کر رہا ہو اور اپنے ان عقائد پر اپنے اعمال صالحہ سے مہر بھی لگا رہا ہو اور پھر وہ یہ سمجھتا ہو کہ اتنا کافی نہیں ہے بلکہ سب کچھ کرنے کے بعد بھی خدا تعالیٰ کی حفاظت اور اس کی مدد اور اس کی رحمت اور اس کے فضل کی ضرورت ہے۔واعتصموا بے اور وہ اللہ تعالیٰ کے ذریعہ سے ، دعاؤں کے ساتھ اپنے بچاؤ کا اپنی حفاظت کا سامان کرے تا کہ اس کے عقائد کے اندر شیطانی وسوسے داخل نہ ہوسکیں اس کے اعمال کے اندر کوئی شیطانی کیڑاگھن کی طرح نہ لگا ہوا ہو اور دلیری اور جرات کے ساتھ اظہار کی اسے اللہ تعالیٰ سے توفیق ملتی رہے۔وَاعْتَصَمُوا بِہ میں جو حفاظت کا ذکر ہے عربی کے لحاظ سے اس کے یہ معنی کئے گئے ہیں کہ وہ یہ دعا کرے کہ اللہ تعالیٰ ہماری استعدادوں میں نور پیدا کر کے، ہمارے جسم اور نفس کو فضائل سے مزین کر کے، اپنی نصرت ہمارے شامل حال کر کے ہمیں ثبات قدم عطا فرما کر ہم پر آسمانی سکینت نازل فرما کر ، ہمارے قلب و ذہن کو شیطانی وساوس سے بچا کر ہمیں اپنی اطاعت اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع میں نیکیوں اور اعمالِ صالحہ بجالانے کی توفیق عطا کر کے ہماری حفاظت کرے۔یہ عصمت کے معنی ہیں۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اگر تم صحیح عقائد رکھتے ہوگے اور اعمالِ صالحہ بجالاتے ہوگے اور دلیری سے اپنے ایمان پر قائم ہو گے اور دعاؤں سے اللہ تعالیٰ کی حفاظت کو اور اس کی عصمت کو حاصل کرنے والے ہو گے تو اللہ تعالیٰ تمہیں اپنی رحمت میں داخل کرے گا اور اس کے فضل تم پر نازل ہوں گے اور تمہیں ایک ایسی راہ دکھائے گا جو سیدھی اس کی طرف لے جانے والی ہے، صراط مستقیم ہے جو خدا تعالیٰ تک پہنچا دیتی ہے اور اس کے بعد خدا تعالیٰ کا قرب حاصل ہو جاتا ہے۔یہ صراط مستقیم جو خدا تعالیٰ کی طرف لے جانے والی ہے یہ دین اسلام ہے۔اسی لئے دوسری جگہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ میں نے دین کو کامل کر دیا اور اپنی نعمت کو پورا کر دیا اور تمہارے لئے اسلام کو بھیج کر ، اسلامی تعلیم اور ہدایت کو بھیج کر میں خوش ہوں اور تمہارے لئے دین کے طور پر میں نے اسلام کو پسند کیا ہے۔جب ہم اسلام پر یعنی قرآن کریم کی جو تعلیم ہے قرآن کریم کی جو ہدایت ہے قرآن کریم کا جو تفصیلی بیان ہے اس پر غور کرتے ہیں تو ہمیں اسلام میں مندرجہ ذیل