خطباتِ ناصر (جلد6۔ 1975ء، 1976ء)

by Hazrat Mirza Nasir Ahmad

Page 66 of 664

خطباتِ ناصر (جلد6۔ 1975ء، 1976ء) — Page 66

خطبات ناصر جلد ششم ۶۶ خطبه جمعه ۲۱ فروری ۱۹۷۵ء شہتوت لگا دیں فاصلہ ذرا بڑھا دیں اور درخت اس طرح کم لگا دیں تو آپ کو اپنے موسم میں پھل مل جائے گا۔جن دوستوں کو پھلوں والے درخت سے دلچسپی ہو اور جلدی پھل کھانا چاہیں تو جلدی پھل دینے والا درخت انجیر ہے بعض دفعہ قلم لگائی جائے تو پہلے سال ہی ایک آدھ انجیر لگ جاتی ہے ایسے ہی شہتوت بھی بڑی جلدی پھل دیتا ہے اور یہ سخت جان بھی ہے اسے زیادہ سنبھالنے کی کوشش بھی نہیں کرنی پڑتی۔پس آپ درخت لگائیں، اس لئے کہ خدا تعالیٰ نے ان کے پالنے اور لگانے کا حکم دیا ہے۔اس لئے کثرت سے جماعت کے دوست خصوصاً زمیندار ، درختوں اور جنگلات کی طرف توجہ کریں اور اپنے کھیتوں میں بھی درخت لگائیں۔اس وقت ربوہ کے لوگ میرے مخاطب ہیں انہیں چاہیے کہ گھروں میں نو سے پچیس تک درخت لگا دیں۔اس سلسلہ میں بعض محلوں نے کام شروع کر دیا ہے ویسے بعض درختوں کا پالنا یا حاصل کرنا بھی آسان ہے اور بعض مفت مل جاتے ہیں۔میرا خیال ہے کہ آپ کو مفت نہ ملیں تو زیادہ اچھا ہے کیونکہ اٹھنی یا روپیہ فی درخت خرچ کریں گے تو زیادہ شوق و پیار سے اُسے پالیں گے تاکہ آپ کی رقم ضائع نہ ہو جائے۔بہر حال جو خرید نہیں سکتے وہ دوسرے درخت بھی شوق سے پالیں۔بعض درختوں کی تو قلمیں لگ جاتی ہیں اور اس پر خرچ بھی نہیں آتا مگر یوکلپٹس کی قلم نہیں لگتی یہ بیج سے پودا تیار کیا جاتا ہے اور پھر اس کی جگہ بدل کر دوسری جگہ لگایا جاتا ہے۔جنگلات والے غالباً آٹھ آنے میں اور نرسری والے ایک روپیہ میں پودا دیتے ہیں۔بہر حال درخت خواہ کسی شکل میں ہوں لگنے چاہئیں آپ کے محلوں کے جو پریذیڈنٹ ہیں اُنہوں نے کام شروع کر دیا ہے جنہوں نے شروع نہیں کیا وہ میرا خطبہ سنیں اور شروع کر دیں، یہ دن آج کل پودے لگانے کے ہیں۔میں نے بتایا کہ ساری قوم درخت لگانے کی طرف متوجہ ہے اور ہم اپنی اس قوم کا ایک حصہ ہیں اور ہمارے دل میں ہمارے نزدیک اس ملک کے لئے شاید دوسروں کی نسبت زیادہ پیار ہو۔