خطباتِ ناصر (جلد5 ۔ 1973ء، 1974ء)

by Hazrat Mirza Nasir Ahmad

Page 325 of 836

خطباتِ ناصر (جلد5 ۔ 1973ء، 1974ء) — Page 325

خطبات ناصر جلد پنجم ۳۲۵ خطبه جمعه ۲۶/اکتوبر ۱۹۷۳ء تفسیر پر مشتمل ہیں۔اس لحاظ سے قرآنِ کریم کتاب مبین ہے۔اس کو یا اس کے متعلقات کو ہر کوئی پڑھ سکتا ہے مثلاً ایک وقت میں ایک نہایت معاند و مخالف اسلام مستشرق مارگولیتھ نے اعلان کر دیا کہ مسند احمد بن حنبل جو حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات پر مشتمل حدیث کی ایک کتاب ہے اور حدیثوں کی کتابوں میں سے ایک بہت بڑی کتاب ہے۔اس کو شروع سے لے کر آخر تک سوائے میرے ( یعنی مارگولیتھ کے ) اور کسی نے نہیں پڑھا۔غرض جہاں تک قرآنِ کریم کے کتاب مبین ہونے کا تعلق ہے اس کو مارگولیتھ جیسا معاند اسلام مستشرق بھی پڑھ سکتا ہے اور اگر اللہ تعالیٰ نے اُسے حافظہ بھی دیا ہو تو وہ بہت سے حصے یاد بھی کر سکتا ہے اور اسی طرح احادیث کو بھی فرفر پڑھ سکتا ہے۔پس ایک تو قرآنِ کریم کا یہ پہلو ہے جو حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات میں تفصیلاً اور اجمالاً بیان ہو چکا ہے۔(یعنی آپ کے ارشادات میں کچھ اجمال بھی ہے جس کا تعلق درحقیقت قرآن کریم کے دوسرے پہلو یعنی کتاب مکنون سے ہے ) بہر حال جہاں تک قرآنِ کریم کے کتاب مبین ہونے کا تعلق ہے یہ حصہ اس تفسیر اور تفصیل پر مشتمل ہے جو احادیث نبوی میں بیان ہوا ہے یا کچھ حصہ ان رموز و اسرار کی تشریح پر مشتمل ہے جو اولیاء اللہ کو سکھائے گئے اور بعد میں آنے والے لوگوں نے اُن کو پڑھا اور اُن سے استفادہ کیا یہ دیکھ کر کہ فلاں زمانے میں یا فلاں علاقے میں اس اس قسم کے مسائل پیدا ہوئے اور اللہ تعالیٰ چونکہ اپنے بندوں سے بڑا پیار کرنے والا ہے۔اس نے اُن میں سے ایک شخص کو کھڑا کیا اور اُس نے اپنے مجاہدہ اور قربانیوں اور تزکیۂ نفس کے ذریعہ اللہ تعالیٰ کے پیار کو حاصل کیا اور اللہ تعالیٰ سے علم قرآن سیکھا اور بعض اسرار و رموز قرآنی کا علم بھی حاصل کیا جو پہلے گویا چھپے ہوئے تھے اور اس طرح اُس نے اپنے وقت یا اپنے زمانے یا اپنے علاقے کے مسائل کو قرآنی علوم کی روشنی میں حل کرنے کی کوشش کی۔جو بہت سے لوگوں کے لئے سبق آموز اور اللہ تعالیٰ کے پیار کو بڑھانے کا موجب بنی۔غرض ایک بات جو پہلے اسرار ورموز کے پردوں میں لپٹی ہوئی تھی جب کسی خدا کے بندے پر ظاہر ہوئی تو وہ کتاب مبین کا حصہ بن گئی۔چنانچہ ہمیں یہ حکم دیا گیا ہے کہ ہم کتاب مبین کے علاوہ کتاب مکنون بھی سیکھیں اور قرآنی علوم