خطباتِ ناصر (جلد5 ۔ 1973ء، 1974ء) — Page 421
خطبات ناصر جلد پنجم ۴۲۱ جمعه ۱۸ / جنوری ۱۹۷۴ء جلسہ سالانہ کے بابرکت اور کامیاب انعقاد پر ہم اللہ تعالیٰ کی حمد سے معمور ہیں خطبه جمعه فرمود ه ۱۸ جنوری ۱۹۷۴ء بمقام مسجد اقصیٰ۔ربوہ تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور نے فرمایا:۔ہمارے وجود کا ذرہ ذرہ اللہ تعالیٰ کی حمد سے معمور ہے۔اُس نے اپنے فضل اور اپنی رحمت سے ہمارے جلسہ کو بہت ہی بابرکت بنایا اور اُس کی برکتوں سے نہ صرف اہل پاکستان کے لئے بلکہ دنیا میں بسنے والوں کے لئے رحمت کے سامان پیدا کئے۔جو دوست یہاں بیرونی وفود کی صورت میں یا جو دوست بیرونی ممالک میں بسنے والے احمدیوں کی نمائندگی میں یہاں پہنچے اور جلسہ میں شامل ہوئے تھے ان میں سے قریباً سب واپس پہنچ چکے ہیں اور خدا تعالیٰ کے حسن اور اُسکے احسان کے جو جلوے اُنہوں نے جلسہ کے ایام میں یہاں دیکھے تھے اپنے اپنے علاقوں اور ملکوں میں اُن کے متعلق وہاں بسنے والے احمدیوں اور اُن کے دوستوں کو حالات بتانے شروع کر دیئے ہیں۔یہاں جو تاثر اُنہوں نے ظاہر کیا وہ تو یہ تھا کہ ہمارے خواب و خیال میں بھی نہیں آسکتا تھا کہ خدا تعالیٰ کی قائم کردہ اس تحریک کا یہ سالانہ جلسہ اس قدرشان اور عظمت کا حامل اور اس قدر برکتوں کے حصول کا ذریعہ بن جاتا ہے۔بہر حال ہر ایک نے اپنی فطرت اور طبیعت کے مطابق اثرات قبول کئے اور اپنی ہمت اور طاقت کے مطابق ان تأثرات کو اپنے اپنے ملکوں میں پھیلائیں گے۔