خطباتِ ناصر (جلد4۔ 1972ء) — Page 427
خطبات ناصر جلد چہارم ۴۲۷ خطبہ جمعہ ۲۲ ستمبر ۱۹۷۲ء ملک پر اس وقت ابتلا کا وقت ہے استحکامِ پاکستان کے لئے دعائیں بھی کریں اور صدقات بھی دیں خطبه جمعه فرموده ۲۲ ستمبر ۱۹۷۲ء بمقام مسجد اقصی۔ربوہ تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور نے فرمایا:۔پچھلے چند دن صحت کمزور رہی ہے۔پہلے تو ہوا لگنے کی وجہ سے بائیں ٹانگ میں شدید درد شروع ہو گئی تھی۔رات تو جاگ کر گزارنی پڑی اور پھر اس کے بعد کئی دن تک بڑی تکلیف رہی۔آج کل اس بیماری میں جو دوائیں دی جاتی ہیں وہ بہت ضعف پہنچاتی ہیں۔اس بیماری سے پوری طرح آرام نہیں آیا تھا کہ دانتوں میں تکلیف ہوگئی۔ڈاکٹر ہمایوں اختر صاحب لاہور سے کل آئے تھے۔انہوں نے دائیں طرف کی ایک داڑھ نکال دی ہے۔یوں اس عمر میں داڑھیں تو نکلتی رہتی ہیں مگر داڑھ نکالنے کے بعد انہوں نے سلفا کی جو دوائی دی ہے اس سے مجھے اور بھی زیادہ ضعف ہو گیا ہے۔اس وقت یہاں آنے کی ہمت تو نہیں پڑتی تھی لیکن بعض ضرورتوں نے مجھے یہاں آنے پر مجبور کیا۔ایک ضرورت تو یہ تھی کہ دیر سے آپ دوستوں کے ساتھ ملاقات نہیں ہوئی تھی۔چنانچہ یہ سمجھ کر کہ جمعہ کی نماز بھی ایک لحاظ سے اجتماعی ملاقات ہوا کرتی ہے دل چاہا کہ چند منٹ کے لئے مسجد میں جمعہ کی نماز پڑھانے کے لئے آجاؤں تا کہ اس طرح دوستوں سے ملاقات بھی ہو جائے۔