خطباتِ ناصر (جلد3 ۔ 1970ء، 1971ء)

by Hazrat Mirza Nasir Ahmad

Page 126 of 586

خطباتِ ناصر (جلد3 ۔ 1970ء، 1971ء) — Page 126

خطبات ناصر جلد سوم ۱۲۶ خطبہ جمعہ ۱۲ / جون ۱۹۷۰ء ہو اس نے جماعت کی تعریف کی جماعتی خدمات کا وہ بہت ہی ممنون تھا اس کے دل میں بھی اور اسی طرح جو دیگر Heads Of State (ہیڈز آف سٹیٹ) ہیں جن سے میں ملا ہوں ان کے دلوں میں بھی جماعت کی بڑی قدر اور وقعت ہے جب تفصیل میں جاؤں گا تو بتاؤں گا کہ سب کی یہی حالت ہے۔پھر وہاں اللہ تعالیٰ کے جو فضل دیکھے تھوڑے سے ان کے نمونے بتا دیتا ہوں نائیجیریا سے میں نے کام شروع کیا نائیجیریا کے ایک احمدی گروہ نے حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ سے بغاوت کر کے اور دنیا کی حرص میں وہاں کے سارے سکولوں پر جو آپ نے کھلوائے تھے ناجائز طور پر قبضہ کر لیا غالباً یہ کل گیارہ سکول تھے اور چونکہ اس وقت جماعت کا کوئی ”دستور“ نہیں تھا Constitution نہیں تھی اس واسطے قانونی طور پر کوئی چارہ جوئی نہ ہو سکتی تھی۔”دین“ میں داخل ہوئے تھے اور دنیا کے چھلکے پر ان کے پاؤں پھسل گئے اور سکولوں پر قبضہ کر لیا جو ابھی تک جاری ہے لیکن ان کی حالت یہ ہے کہ خود ان میں بد اخلاقیاں پیدا ہوگئی ہیں دین سے کوئی رغبت نہیں رہی سکولوں کو انہوں نے آمدنی کا ذریعہ بنالیا ہے اور کچھ سکول شاید عنقریب بند بھی ہو جائیں ایسے لوگوں کو اللہ تعالیٰ دنیا میں بھی چکر دیتا ہے میں وہاں یہی سوچ رہا تھا تو میرے دل میں یہ خیال پیدا ہوا جو میری غیرت کا تقاضا تھا کہ ہم فوری طور پر ۱۶ سکول کھولیں چنانچہ میں نے سمجھدار احباب کی ایک کمیٹی بنائی اور ان سے میں نے کہا کہ اس ملک میں میں نے ۱۶ ہائی سکول کھولنے ہیں اس لئے سلسلہ میں پانچ سالہ منصوبہ تیار کرو۔مجھے یہ غیرت تھی کہ ان کے چھوٹے بڑے ملا کر گیارہ سکول ہیں پس ہم یہاں انشاء اللہ سولہ ہائی سکول کھولیں گے میں نے انہیں یہ بھی کہا کہ میرے افریقہ چھوڑنے سے پہلے پہلے اس کمیٹی کی پہلی رپورٹ مجھے ملنی چاہیے اور انہیں میں نے یہ ہدایت کی کہ نقشے سامنے رکھو۔مشورے کرو اور دیکھو کہ کہاں کہاں سکول کھولنے چاہئیں بہر حال ان کی پہلی رپورٹ مجھے وہیں مل گئی تھی لیکن جب میں نے یہ کمیٹی بنائی تو ہوا یہ کہ اگلے روز ویسے ہی بے خیالی میں ریڈیو کو میں نے چلا یا خبروں کا وقت تھا۔اس وقت شمال مغربی سٹیٹ کے گورنر کے انٹرویو کا خبروں میں اعلان ہو رہا تھا ( یہ شمال مغربی سٹیٹ مسلمانوں کا علاقہ ہے ) کہ میری سٹیٹ میں تعلیم بڑی کم ہے اور میں نے ایمر جنسی کا اعلان کر دیا ہے میں اپنے ذرائع اکٹھے کر رہا ہوں اور