خطباتِ ناصر (جلد3 ۔ 1970ء، 1971ء) — Page 338
خطبات ناصر جلد سوم ۳۳۸ خطبہ جمعہ ۱۱ستمبر ۱۹۷۰ء جمع ہو جاؤ۔آپ نے انہیں ایک افریقن کے جھنڈے کے نیچے پناہ دلوائی اور اللہ تعالیٰ نے آپ کے ذریعہ ان سرداروں سے ایک حسین انتقام لیا۔پس اس قسم کے منصوبے تو ایسے وقت میں ضرور بنا کرتے ہیں دنیا کی تاریخ دیکھ کر ہمیں یہ معلوم ہوتا ہے کہ دنیا کی جو ترقیات ہیں بعض لوگوں کو ان کے خلاف حسد پیدا ہوتا ہے اور بعض کو ان کے خلاف حسد نہیں پیدا ہوتا لیکن جب اللہ تعالیٰ کی طرف سے فضل نازل ہوتے ہیں تو یہ ہو ہی نہیں سکتا کہ حسد پیدا نہ ہو۔آپ دنیا کی تاریخ پڑھکر دیکھ لیں حسد ضرور پیدا ہوتا ہے اور پھر اس کی اطلاع تو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کو الہانا بھی دی گئی ہے۔اب جو مخالف اسلام ہے ( میں احمدیت اس لئے نہیں کہہ رہا کہ ہمارے نزدیک احمدیت اور اسلام ایک ہی چیز کا نام ہے ) وہ اپنے ان منصوبوں سے اسلام کو نقصان نہیں پہنچا سکتا یہ واضح بات ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے آسمانوں پر یہ فیصلہ کیا ہے کہ اسلام کے از سر نو غلبہ کے دن آگئے ہیں اور اسلام غالب آئے گا ہمیں کمزور کرنے کا ہر منصوبہ حقیقتاً اسلام کو کمزور کرنے کا منصوبہ ہے کیونکہ ہمیں ہی اللہ تعالیٰ نے اپنی قادرانہ انگلیوں کے درمیان پکڑا اور فرمایا کہ میں اس عاجز کمزور اور بے کس جماعت سے کام لوں گا اور ان کے ذریعہ سے میری قدرت دنیا کے سامنے جلوہ گر ہوگی۔پس جب اللہ تعالیٰ کا فضل نازل ہوتا ہے تو حاسد ضرور پیدا ہو جاتے ہیں جب حاسد پیدا ہوتے ہیں تو وہ معقول ذرائع سے اپنے حسد کا اظہار نہیں کرتے بلکہ غیر معقول اور اپنی ہی تباہی کے سامان پیدا کرنے والے ذرائع استعمال کرتے ہیں۔اب ہم تو عاجز اور کمزور ہیں اس میں کوئی شک نہیں۔ہم برملا کہتے ہیں ہم بے سہارا ہیں، کوئی سیاسی اقتدار نہیں ( اور نہ اس کی خواہش ہے ) ہمارے پاس اتنا مال و دولت نہیں کہ امریکہ کے روپے کی طرح لوگوں کو خاموش کرنے یا اپنے حق میں زبانیں کھلوانے کے لئے تقسیم کر دیں۔لیکن اگر یہ حقیقت ہے اور ہمارے نزدیک یہ حقیقت ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جماعت احمدیہ کو غلبہ اسلام کے لئے پیدا کیا ہے اور وہ ہم سے یہی کام لینا چاہتا ہے تو جو بھی جماعت کے خلاف منصوبہ بنائے گا اگر وہ اس میں کامیاب ہو جائے تو غلبہ اسلام کی جو عظیم مہم جاری ہے اس میں