خطباتِ ناصر (جلد 1 ۔1965ء تا 1967ء) — Page 757
خطبات ناصر جلد اول ۷۵۷ خطبہ جمعہ ۲۳ / جون ۱۹۶۷ء میں بد رسوم کے خلاف جہاد کا اعلان کرتا ہوں اُمید کرتا ہوں کہ ہر احمدی گھرانہ میرے ساتھ اس میں شریک ہوگا خطبه جمعه فرموده ۲۳ جون ۱۹۶۷ء بمقام مسجد مبارک۔ربوہ تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔پچھلے چند دن سے دوران سر اور بلڈ پریشر کی زیادتی اور گرمی اور ڈیپریشن کی وجہ سے مجھے تکلیف رہی ہے۔اللہ تعالیٰ نے فضل کیا ہے اور بہت سا افاقہ ہو چکا ہے لیکن ابھی تکلیف کا ایک حصہ باقی ہے۔آج گرمی بھی بڑی ہے۔میں کوشش کروں گا کہ جس حد تک ممکن ہو آج کے خطبہ کو مختصر کروں۔قبل اس کے کہ میں اپنے اصل مضمون کی طرف آؤں۔میں احباب سے دعا کی درخواست کرنا چاہتا ہوں۔دوست جانتے ہیں کہ یورپ میں انگلستان کے علاوہ ہماری پانچویں مسجد پایہ تکمیل کو پہنچ رہی ہے اور ۲۲ / جولائی کا دن اس کے افتتاح کے لئے مقرر ہوا ہے۔وہاں کے دوستوں کی یہ خواہش تھی کہ میں خود اس مسجد کا افتتاح کروں اور جب ہم اس تجویز پر غور کر رہے تھے۔تو دوسرے ممالک جو یورپ میں ہیں جہاں ہمارے مبلغ ہیں اور مساجد ہیں انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ اگر افتتاح کے لئے آپ نے آنا ہے تو اس موقعہ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تمام مشنز کا دورہ بھی کریں ، حالات کو دیکھیں ، ضرورتوں کا پتہ لیں اور اس کے مطابق سکیم اور منصوبہ تیار کریں۔