خطباتِ ناصر (جلد 1 ۔1965ء تا 1967ء)

by Hazrat Mirza Nasir Ahmad

Page 589 of 1056

خطباتِ ناصر (جلد 1 ۔1965ء تا 1967ء) — Page 589

خطبات ناصر جلد اول ۵۸۹ خطبہ جمعہ ۲۴ فروری۱۹۶۷ء رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ پر چلتے ہوئے کثرت سے دعائیں کرو خطبه جمعه فرموده ۲۴ فروری ۱۹۶۷ء بمقام مسجد مبارک۔ربوہ تشہد تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔جلسہ کے بعد جب دوسری دفعہ انفلوئنزا کا حملہ ہوا اور بخار رہنے لگا تو اس کے نتیجہ میں ایک تو جیسا کہ آپ سن رہے ہیں گلا بہت بیٹھ گیا ہے اس کے علاوہ ضعف کی شکایت بھی پیدا ہو گئی ہے اور بلڈ پریشر بھی معمول سے نیچے گرا ہوا ہے لیکن دل نہیں چاہا کہ دوستوں سے ملے بغیر یہ جمعہ بھی گزر جائے اس لئے طبیعت نے یہی فیصلہ کیا کہ خواہ چند فقرے ہی میں اپنے بھائیوں کے سامنے کہوں جمعہ کی ملاقات کا جو اللہ تعالیٰ نے ایک موقع بہم پہنچایا ہے اس سے فائدہ اُٹھالوں بھائیوں کو نہ دیکھنے سے طبیعت ملول ہو جاتی ہے اور دوست بھی خواہش رکھتے ہیں کہ جمعہ کے روز ہی ملاقات ہو جائے اس لئے میں اپنی تکلیف کے باوجود آج یہاں حاضر ہو گیا ہوں۔ہم نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنا بادی اور رہبر تسلیم کیا ہے اور اپنے رب رحیم کے حکم کے ماتحت اور اس کی خوشنودی اور رضا کے حصول کے لئے یہ عہد کیا ہے کہ ہم اپنے محبوب آقا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے لئے ہمیشہ اسوۂ حسنہ بنائے رکھیں گے اور وہی رنگ اپنی طبیعتوں پر اور اپنی زندگیوں پر چڑھانے کی کوشش کرتے رہیں گے جس رنگ کو اللہ تعالیٰ نے