خطباتِ ناصر (جلد 10۔خطبات عیدین و نکاح)

by Hazrat Mirza Nasir Ahmad

Page 27 of 906

خطباتِ ناصر (جلد 10۔خطبات عیدین و نکاح) — Page 27

خطبات ناصر جلد دہم ۲۷ خطبہ عیدالفطر ۲۲ دسمبر ۱۹۶۸ء اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ ہم تمہیں آیات دیں گے۔جو لوگ ان آیات کی ناشکری کریں گے۔لَهُمْ عَذَابٌ شَدِيدٌ وَاللهُ عَزِيزٌ ذُو انتقام ان کے لئے سخت عذاب مقدر ہے اور اللہ غالب اور سزا دینے والا ہے۔آج عید ہے اور یہ عید اللہ تعالیٰ نے ہمارے لئے ایک نشان کے طور پر مقرر کی ہے۔آپ سب کو بھی اور مجھے بھی اللہ تعالیٰ کے فضل اور رحم سے حقیقی عید اور برکتوں والی عید نصیب ہو۔آیت کے معنی ایک ایسی ظاہری علامت کے ہیں جو ایک مخفی حقیقت کی طرف اشارہ کر رہی ہو اور اس کی جگہ ظاہر ہو رہی ہو پس اللہ تعالیٰ نے ہمیں سبق دیا ہے کہ گو عید خوشی اور مسرت کا دن ہے (اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ عید ہمارے لئے ( یعنی جو خدا تعالیٰ کے بندے ہیں ) اسی کے حکم سے کھانے پینے کا دن ہے اور خدا تعالیٰ خود فرماتا ہے کہ کھاؤ پیو اور خوشی مناؤ ) اور میں تمہارے لئے دنیا کی آسائش اور اس کی سہولتوں کے سامان بھی پیدا کر دوں گا اور کرتا رہوں گا لیکن یہ عید تو ایک ظاہری علامت ہے ایک مخفی حقیقت کی اور مخفی حقیقت یہ ہے کہ تم نے میرے قرب کا ایک مقام حاصل کر لیا۔تم نے اپنی بقا کے کچھ سامان پیدا کر لئے پس تم خوش ہو جاؤ کہ تم ایک امتحان میں کامیاب ہو گئے۔تم نے ایک حد تک میرے فضلوں کو پالیا اور اس کی ظاہری علامت کے طور پر ( خدا تعالیٰ فرماتا ہے کہ ) میں تمہارے لئے عید مقرر کرتا ہوں۔پس عید جہاں ہمارے لئے انتہائی خوشی اور مسرت کا دن ہے (کیونکہ خدا تعالیٰ کہتا ہے کہ آج میرے کہنے پر تم خوشی مناؤ ، کھاؤ اور پیو ) وہاں اللہ تعالیٰ یہ بھی فرماتا ہے کہ ناشکری نہ کرنا۔اگر تم میرے کہنے پر خوشی مناتے اور کھاتے اور پیتے ہو تو میرے کہنے پر اس بات کو بھی یا درکھو کہ یہ عید سال میں ایک بار نہیں آتی بلکہ اگر تم چاہو تو تم اپنے ہر دن کو عید کا دن بنا سکتے ہو۔اگر تم اس دن کی ذمہ داریوں کو نبا ہو گے تو تم اللہ تعالیٰ کا مزید قرب حاصل کرو گے اور تمہاری دنیوی اور اخروی مسرتوں کے مزید سامان پیدا کئے جائیں گے اور تم روحانی میدانوں میں آگے سے آگے بڑھتے چلے جاؤ گے اور اللہ تعالیٰ کے قرب کو زیادہ سے زیادہ حاصل کرتے چلے جاؤ گے۔خدا کرے کہ ہمارا ہر دن ہی عید کا دن ہو اور ہر روز ہی ہم اللہ تعالیٰ کے فضل اور اس کی رضا اور محبت کو حاصل کرنے والے ہوں