خطباتِ ناصر (جلد 10۔خطبات عیدین و نکاح) — Page 772
خطبات ناصر جلد دہم 225 خطبہ نکاح ۲۵ نومبر ۱۹۷۷ء یہ رشتہ طے پایا ہے میری چھوٹی ہمشیرہ امتہ الحکیم صاحبہ اور سید داؤد مظفر شاہ صاحب کے صاحبزادہ سید مولود احمد صاحب کا مکرم و محترم ڈاکٹر سید غلام مجتبی صاحب کی بچی سیدہ لبنی شاہوار صاحبہ سے پندرہ ہزار روپے مہر پر۔مکرم ڈاکٹر صاحب ان ابتدائی ڈاکٹروں میں سے ہیں جنہوں نے مغربی افریقہ میں بطور واقف ڈاکٹر کام کیا۔اللہ تعالیٰ نے ان کی دعاؤں کو سنا اور ان کے ہاتھ میں بہت شفا بخشی اور بڑے کامیاب سرجن کے طور پر وہ پہلے غانا میں کام کرتے رہے اور پھر کچھ عرصہ کے بعد انہیں نائیجیریا میں بھیجا گیا۔وہاں وہ اپنا تین سال کا عرصہ پورا نہیں کر سکے۔وہ دل کے عارضہ کی وجہ سے بیمار ہو گئے اس لئے انہیں واپس لوٹنا پڑا۔اللہ تعالیٰ انہیں صحت دے اور صحت سے رکھے اور ان کو تو فیق عطا فرمائے کہ وہ پھر افریقہ جا کر خدا تعالیٰ کے دین کی مزید خدمت کر سکیں اور ان کے داماد یعنی عزیزم سید مولود احمد صاحب کو بھی خدا تعالیٰ خدمت دین کی توفیق عطا فرمائے۔ایجاب وقبول کے بعد حضور انور نے حاضرین سمیت رشتے کے بہت ہی بابرکت ہونے کے لئے دعا کرائی۔(روز نامه الفضل ربوه ۲۴؍ دسمبر ۱۹۷۷ ء صفحه ۲)