خطباتِ ناصر (جلد 10۔خطبات عیدین و نکاح) — Page 47
خطبات ناصر جلد دہم ۴۷ خطبہ عید الفطر ۲۰ نومبر ۱۹۷۱ ء حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا زمانہ امت مسلمہ کے لئے عید کا دن تھا خطبہ عید الفطر فرموده ۲۰ /نومبر ۱۹۷۱ء بمقام مسجد مبارک ربوه تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور نے فرمایا:۔اللہ تعالیٰ آپ سب کے لئے اس عید کو مبارک کرے۔جو دوست یہاں موجود ہیں اور جو احمدی بھائی اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے فرائی دنیا میں بستے ہیں، وہ جس جگہ بھی ہوں ، ان کے لئے بھی اللہ تعالیٰ اس عید کو مبارک کرے۔معدے کی خرابی کی وجہ سے بعض دفعہ دھڑکن پلپیٹیشن (Pulpitation) کا عارضہ ہو جاتا ہے۔آج صبح بھی بڑا شدید عارضہ ہوا۔جس کی وجہ سے آپ دوستوں کو انتظار کرنا پڑا۔دوست دعا کریں کہ یہ چھوٹے چھوٹے عوارض بھی دور ہو جا ئیں۔ایک مؤمن باللہ کی عید دراصل وہ زمانہ ہوتا ہے جو اسے قبولیت دعا اور اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کے حصول کے ساتھ میسر آتا ہے۔رمضان کا تعلق بہت سی ایسی عبادتوں کے ساتھ ہے جس کے نتیجہ میں قرآن عظیم کہتا ہے کہ دعائیں قبول ہوتی ہیں اور جب خدا تعالیٰ کا ایک عاجز بندہ محض اس کے فضل سے اپنی دعاؤں کو قبول ہوتے دیکھتا ہے تو اس کی روح میں عید کی خوشیاں مچلنے لگتی ہیں اور اس خوشی کو ( جو قبولیت دعا کے نتیجہ میں پیدا ہوتی ہے ) ظاہری طور پر منانے کے لئے عید کا دن رکھا گیا ہے لیکن یہ نہ بھولنا چاہیے