خطباتِ ناصر (جلد 10۔خطبات عیدین و نکاح) — Page 250
خطبات ناصر جلد دہم ۲۵۰ خطبہ نکاح ۲۳ جنوری ۱۹۶۶ء خطبہ مسنونہ کے بعد حضور انور نے فرمایا:۔ان آیات قرآنیہ میں جو نکاح کے موقع پر پڑھی جاتی ہیں اللہ تعالیٰ نے ہر قسم کی کامیابیوں کا گر ہمیں یہ بتایا ہے کہ اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کی جائے اور اس کے ساتھ ہی یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ زندگی کے ہر شعبہ کے متعلق اسلام نے بعض احکام دیئے ہیں اور اگر تم اپنی زندگی میں کامیاب ہونا چاہتے ہو تو تمہارے لئے کامیابی کا ایک ہی رستہ ہے اور وہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کی اطاعت کی جائے۔قرآن کریم کے احکام کی پابندی کی جائے اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کو قائم کیا جائے اور اسے زندہ رکھا جائے۔ہماری زندگی میں ایک بڑا امتحان بیاہ اور شادی کے بعد آپس کے تعلقات کا ہوتا ہے اس کے لئے ہمیں ان آیات میں توجہ دلائی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ اگر تم اپنی زندگی کو خوشگوار بنانا چاہتے ہو اور اسے خوشحال رکھنا چاہتے ہوتو تمہارے لئے یہ ضروری ہے کہ تم زندگیاں قرآن کریم کے جوئے تلے گزارو اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کے احیاء سے اپنے گھروں میں اُجالا کرو۔اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔آمین۔روزنامه الفضل ربوه ۲۶ فروری ۱۹۶۶ء صفحه ۳، ۴)