خطباتِ ناصر (جلد 10۔خطبات عیدین و نکاح) — Page 245
خطبات ناصر جلد دہم ۲۴۵ خطبہ نکاح ۲۴؍دسمبر ۱۹۶۵ء خدا فریقین کو خوشحال اور پرسکون زندگی بسر کرنے کی توفیق عطا فرمائے خطبہ نکاح فرموده ۲۴ / دسمبر ۱۹۶۵ء بمقام مسجد مبارک ربوه حضور انور نے مکرم صوبیدار عبدالمنان صاحب افسر حفاظت کی دختر نیک اختر کے نکاح کا اعلان فرمایا۔خطبہ مسنونہ کے بعد حضور انور نے فرمایا:۔اس وقت میں جس نکاح کا اعلان کرنے کے لئے کھڑا ہوا ہوں۔وہ مکرم و محترم صو بیدار عبدالمنان صاحب دہلوی کی صاحبزادی عزیزہ امتہ الرحیم مسرت کا ہے۔مکرم صو بیدار صاحب جو اس وقت میرے دائیں طرف ہیں۔ان کے جماعت پر بہت حقوق ہیں۔انہوں نے احمدیت اور مسلمانوں کی طویل عرصہ تک خدمت کی ہے۔۱۹۴۷ء کے فسادات کے موقع پر جب قادیان کے قریب واقع گاؤں سٹھیالی پر سکھوں نے حملہ کیا۔تو اس گاؤں کے مسلمانوں کی حفاظت کے لئے جو احمدی بھیجے گئے۔ان میں صو بیدار صاحب بھی شامل تھے۔سکھوں کے ساتھ لڑتے ہوئے ان کے سینہ کے دائیں جانب گولی لگی۔مگر اللہ تعالیٰ کو ان کی زندگی عزیز تھی۔اس لئے اس نے انہیں بچا لیا۔جس وقت یہ سٹھیالی سے قادیان آئے تو ان کے سارے کپڑے خون سے سرخ ہوئے ہوئے تھے۔