خطبات مسرور (جلد 9۔ 2011ء) — Page 308
خطبات مسرور جلد نهم 308 25 خطبه جمعه فرمودہ مورخہ 24 جون 2011ء خطبہ جمعہ فرمودہ 24 جون 2011ء بمطابق 24 احسان 1390 ہجری شمسی بمقام کالسر و (Karlsruhe)(جرمنی) تشہد و تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: الحمد للہ کہ آج پھر جرمنی کا ایک اور جلسہ سالانہ دیکھنے اور سننے کی اللہ تعالیٰ ہمیں توفیق عطا فرما رہا ہے۔جیسا کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے بیان فرمایا ہے یہ جلسہ اس لئے ہم منعقد کرتے ہیں کہ اپنے مقصدِ پیدائش کو پہچانتے ہوئے خدا تعالیٰ سے ایک خاص تعلق پیدا کریں اور سال کے یہ تین دن خالصتا للہ گزارنے کے لئے جمع ہوں۔علمی، تربیتی اور روحانی ماحول میں یہ دن گزار کر اپنے دینی علم میں ترقی کریں۔(ماخوذ از مجموعہ اشتہارات جلد اول صفحہ 281 اشتہار 7 دسمبر 1892ء) اپنی تربیت کے از خود جائزے لیں۔جو یہاں باتیں سنیں اُن کو سن کر پھر اپنی حالتوں پر نظر رکھیں۔یہ دیکھیں کہ کیا ہم اپنی کمزوریوں پر اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی بتائی ہوئی تعلیم کے مطابق قابو پا چکے ہیں یا پانے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں۔جلسے کے روحانی ماحول میں خدا اور رسول کی باتیں سن کر روحانیت میں ترقی کرنے والے بنہیں اور بننے کی کوشش کریں۔بعض دفعہ چھوٹی چھوٹی باتیں تربیت اور روحانیت میں ترقی کا باعث بن جاتی ہیں۔ایک ماحول میں رہ کر دوسرے کی اچھی باتیں احساسات کو جھنجھوڑنے کا باعث بن جاتی ہیں لیکن اس میں بھی کوئی شک نہیں ہے کہ بعض بد قسمت روحانی ماحول اور جلسے سے کوئی فائدہ نہیں اُٹھاتے اور صرف اپنے دنیاوی مقاصد کے حصول کے لئے آتے ہیں۔ایسے لوگ چاہے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام سے بیعت کا دعویٰ کریں لیکن حقیقت میں وہ آپ کی تعلیم سے دور بھاگنے والے ہیں۔پس دعاؤں اور استغفار کے ساتھ یہ دن گزاریں۔جن لوگوں کی میں نے مثال دی چاہے وہ چند ایک ہی ہوں لیکن اکثریت کی دعائیں بھی بعض دفعہ کمزوروں کے دن پھیر دیتی ہیں۔جہاں اُن کی اپنی حالتیں بہتر ہوتی ہیں ، ان کے ہمسایوں کی بھی حالت بہتر ہو رہی ہوتی ہے۔پس دعاؤں کے ساتھ یہ دن گزاریں کہ شیطان انسان کو اُس کے نیک مقاصد سے ہٹانے کے لئے ہمیشہ کوشش میں ہے۔اللہ تعالیٰ ہمیں اُس سے محفوظ رکھے۔تمام شاملین جلسہ بھی اور تمام کارکنان بھی جن کی مختلف شعبوں میں کسی خدمت پر ڈیوٹی لگی ہوئی ہے ، دعاؤں ، درود اور استغفار کے ساتھ شیطان کے شر سے بچنے کی کوشش کریں۔