خطبات مسرور (جلد 7۔ 2009ء)

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 127 of 670

خطبات مسرور (جلد 7۔ 2009ء) — Page 127

127 خطبات مسرور جلد هفتم خطبہ جمعہ فرمودہ 6 مارچ 2009 جماعت نے تو انشاء اللہ تعالیٰ پھیلنا ہے اور پھلنا ہے۔ہم گزشتہ 100 سال سے زائد عرصہ سے یہی دیکھتے آرہے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے جماعت پر اپنی رحمت کا ہاتھ رکھا ہوا ہے اور جماعت میں ہر سال لاکھوں سعید روحوں کو شامل کرتا چلا جا رہا ہے۔اللہ تعالیٰ نئے شامل ہونے والوں کو بھی ثبات قدم عطا فرمائے اور احسان مند اور شکر گزار بنائے۔جوں جوں جماعت کی تعداد اور مضبوطی بڑھ رہی ہے، حسد کی آگ بھی اسی طرح بڑھتی چلی جا رہی ہے۔اس کا میں پہلے بھی کئی دفعہ کئی موقعوں پر اظہار کر چکا ہوں۔مخالفین ہمیشہ جماعت کے بارہ میں یہی سوچ رکھتے ہیں اور ان کی خواہش یہی ہوتی ہے کہ جماعت تباہ ہو۔اور یہی سوچ سکتے تھے اور انتظار میں ہوتے تھے کہ دیکھیں جماعت اب تباہ ہوئی کہ اب تباہ ہوئی۔اور وہ یہی شور ہمیشہ مچاتے رہے۔لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل ہمیشہ بڑھتے چلے گئے۔اللہ تعالیٰ اب بھی ہماری پردہ پوشی فرماتے ہوئے اپنا فضل فرما رہا ہے اور ہمیشہ فرماتا رہے اور دشمن کا ہر وار نا کام و نامراد ہوتا رہے۔جماعت کی یہ سب کا میابیاں جو ہمیں نظر آتی ہیں اور دشمن کو بھی اب نظر آ رہی ہیں یہ اس لئے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کا حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام سے وعدہ ہے اور اس وعدہ کی وجہ سے آپ نے ہمیشہ جماعت کو تسلی دلائی ہے۔آپ ایک جگہ فرماتے ہیں کہ : ہمارے متبعین پر ایک زمانہ ایسا آوے گا کہ عروج ہی عروج ہو گا لیکن یہ خبر نہیں کہ ہمارے دور میں ہو یا ہمارے بعد ہو۔خدا تعالیٰ نے یہ وعدہ فرمایا ہے کہ بادشاہ تیرے کپڑوں سے برکت ڈھونڈیں گے۔سو یہ بات ابھی پوری ہونے والی ہے“۔فرمایا ” یہ خدا تعالیٰ کی سنت ہے کہ اول گروہ غرباء کو اپنے لئے منتخب کیا کرتا ہے اور پھر انہیں کامیابی اور عروج حاصل ہوا کرتا ہے۔ہمیں اس امر سے ہر گز تعجب نہیں کہ ہمارے متبعین امیر نہ ہوں گے۔امیر تو یہ ضرور ہوں گے لیکن افسوس تو اس بات سے آتا ہے کہ اگر یہ دولت مند ہو گئے تو پھر انہی لوگوں کے ہمرنگ ہو کر دنیا سے غافل ہو جاویں اور دنیا کو مقدم کرلیں۔( ملفوظات جلد سوم صفحہ 489۔جدید ایڈیشن مطبوعہ ربوہ ) پس یہ ہیں اصل فقرے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے۔عروج تو جماعت کو حاصل ہونا ہے انشاء اللہ تعالیٰ لیکن اس عروج کی حالت میں پھر دنیا کو کہیں دین پر مقدم نہ کر لیں اور اللہ تعالیٰ سے غافل نہ ہو جائیں۔اللہ تعالیٰ ہر احمدی کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی اپنی جماعت سے متعلق جو خواہشات اور توقعات ہیں ان پر پورا اترنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہر اس برائی سے بچا کر رکھے جس کے بارہ میں آپ نے فکر کا اظہار کیا ہے اور اللہ کرے کہ ہم ہمیشہ آپ کی دعاؤں کے وارث بنتے رہیں۔الفضل انٹر نیشنل جلد نمبر 16 شمارہ نمبر 13 مورخہ 27 مارچ تا2 ، اپریل 2009 ء صفحہ 5 تا صفحہ 7)