خطبات مسرور (جلد 7۔ 2009ء) — Page 70
70 خطبہ جمعہ فرمودہ 6 فروری 2009 خطبات مسرور جلد هفتم اس اقتباس میں یہ بات بھی واضح فرما دی کہ ولی ہونا اور ابدال میں شامل ہونا امامت کا درجہ نہیں رکھتا۔نیکیوں کی انتہا کرنے اور اللہ تعالیٰ کے بہت قریب پہنچ جانے سے بھی امامت کا درجہ نہیں مل جاتا جب تک اللہ تعالیٰ خود نہ عطا فرمائے۔امام الزمان وہی ہے جسے خدا تعالیٰ نے یہ درجہ دیا ہو۔اور اس زمانہ کے امام تو وہی ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے مسیح موعود اور مہدی موعود کر کے بھیجا ہے۔اور پھر اس کے ساتھ یہ ہی نہیں کہ کہہ دیا اور دعویٰ کرنے والے نے دعویٰ کر لیا بلکہ جیسا کہ میں نے گزشتہ خطبوں میں بتایا تھا کہ اس کے ساتھ زمینی اور آسمانی تائیدات بھی شامل ہیں۔پس یہ اهْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِيمَ کی دعا نہ صرف مسلمانوں کے لئے ہدایت ہے بلکہ ہر مذہب والا چاہے وہ عیسائی ہے، یہودی ہے ، ہندو ہے، اگر نیک نیتی سے دعا کرے جیسا کہ میں نے بتایا کہ حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے لکھا ہے کہ میں نے کئی غیر مسلموں کو بھی اس دعا پر غور کرنے کے لئے کہا کہ اس دعا پر غور کرنے میں تو کوئی حرج نہیں۔یہ کوئی ایسی دعا تو نہیں ہے کہ جس پر کہا جائے کہ صرف مسلمان کر سکتا ہے۔ایک ایسی دعا ہے جس سے ہر شخص راضی ہو سکتا ہے چاہے کسی بھی مذہب کا ماننے والا ہو۔حضرت مصلح موعود نے فرمایا کہ میں نے یہ کہا اور پھر کئی غیر مسلم نے بھی یہ دعا کی اور اللہ تعالیٰ نے ان کی راہنمائی فرمائی۔انہوں نے خوابیں دیکھیں اور احمدیت قبول کی۔پس اگر غیر مسلموں کی راہنمائی اللہ تعالیٰ اس دعا کے ساتھ فرماسکتا ہے تو مسلمانوں کی راہنمائی کیوں نہیں فرما سکتا۔ظاہر ہے کہ صرف یہی وجہ ہے کہ نیک نیت نہیں ہیں۔بڑے بڑے پڑھے لکھے عالم ہیں۔بظاہر نمازوں کے پابند لیکن ہدایت سے محروم۔پس اللہ تعالیٰ کی ہدایت حاصل کرنے کے لئے صاف دل ہو کر اس کی طرف قدم بڑھانا بھی ضروری ہے۔جیسا کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے وَالَّذِيْنَ جَاهَدُوا فِيْنَا لَنَهْدِيَنَّهُمْ سُبُلَنَا (العنکبوت: 70) اور وہ لوگ جو ہم سے ملنے کی کوشش کرتے ہیں ہم ان کو ضرور اپنے رستوں کی طرف آنے کی توفیق بخشیں گے۔گزشتہ دنوں ایم ٹی اے پر امام صاحب اور مومن صاحب، آصف باسط صاحب وغیرہ پرسی کیوشن (Persecution) پر پروگرام کر رہے تھے۔ایک غیر از جماعت عالم جو امریکہ میں رہتے ہیں وہ بھی ان دنوں میں یہاں آئے ہوئے تھے۔انہوں نے ایم ٹی اے کو فون کیا کہ میں نے یہ پروگرام سنا ہے۔آپ نے بعض احادیث بھی غلط پڑھی ہیں۔اور بھی کچھ باتیں ہیں جو میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں تو ہمارا آدمی یہاں سے گیا۔ان کی ساری باتیں جو بھی کہنا چاہتے تھے ریکارڈ کر کے لے آیا۔بہر حال احمدیت کی دشمنی میں یہ بہت ساری باتیں ہیں اس کا جو تفصیلی جواب ہے وہ تو اسی پروگرام میں ان کے سوالوں کے حساب سے دوبارہ پیش ہو گا لیکن ایک بات جو انہوں نے کی ہے وہ بات عموماً غیر از جماعت کہتے رہتے ہیں کہ احمدی رفع کے جو معنی کرتے ہیں کہ حضرت عیسی کا روحانی طور پر رفع