خطبات مسرور (جلد 5۔ 2007ء)

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 416 of 587

خطبات مسرور (جلد 5۔ 2007ء) — Page 416

خطبات مسرور جلد پنجم 416 خطبہ جمعہ 12 اکتوبر 2007ء حضرت سمرہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: نماز جمعہ پڑھنے آیا کرو اور امام کے قریب ہو کر بیٹھا کرو اور ایک شخص جمعہ سے پیچھے رہتے رہتے جنت سے پیچھے رہ جاتا ہے حالانکہ وہ جنت کا اہل ہوتا ہے۔(مسند احمد بن حنبل جلد 6 مسند سمرہ بن جندب حدیث نمبر (20373 ایک دوسری روایت میں یہ بھی ہے کہ اللہ کے حضور جمعوں کے حساب سے بیٹھے ہوں گے۔پس کس قدر بدنصیبی ہے کہ بعض اعمال کی وجہ سے جنت کا اہل ہوتے ہوئے بھی صرف جمعہ نہ پڑھنے کی وجہ سے جنت سے دور کر دیا جاتا ہے۔پھر آنحضرت ﷺ جمعہ چھوڑنے والوں سے خود کس قدر ناراضگی کا اظہار فرماتے ہیں۔ایک روایت میں آتا ہے۔حضرت عبد اللہ بن مسعودؓ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ وہ لوگ جو جمعہ چھوڑتے ہیں ان کے متعلق میرا دل چاہتا ہے کہ میں کسی اور شخص کو حکم دوں کہ وہ لوگوں کو نماز پڑھائے اور میں جمعہ سے پیچھے رہنے والوں کے گھروں کو آگ لگا دوں۔(مسلم۔كتاب المساجد ومواضع الصلواة باب فضل للصلواة الجمعة وبيان التشديد فى التخلف عنها حديث نمبر (1370) | پس اس انذار کو ہر ایک کو اپنے سامنے رکھنا چاہئے۔آنحضرت ﷺ کی اس کیفیت کو ہمیں اپنے سامنے رکھنا چاہئے۔آپ تو رحمتہ للعالمین ہیں۔آپ کا دل تو جانوروں اور پرندوں کے لئے بھی پیار محبت اور رحمت سے بھرا ہوا ہے۔لیکن جب اللہ تعالیٰ کے احکامات سے کسی کو ہٹا ہوا دیکھتے ہیں تو فرماتے ہیں کہ میں جمعہ نہ پڑھنے والوں کے گھروں کو آگ لگا دوں۔یہ اظہار بھی اس ہمدردی کی وجہ سے ہے جو آپ کے دل میں اپنی قوم کے لئے تھی کہ اللہ تعالیٰ تمہارے اتنا قریب آیا ہوا ہے تمہاری دنیا وی تجارتوں اور مفادات اور رونقوں کے مقابلے میں ہزاروں لاکھوں گنا زیادہ تمہارے مفادات کے سامان کر رہا ہے پھر بھی تم نہیں لے رہے۔یہ اظہار اس لئے نہیں کہ میں کر دوں گا۔یہ اظہار اس لئے ہے کہ ایسے نافرمانوں کو جمعہ کی اہمیت کا اندازہ ہو۔اللہ اپنی رحمتیں بانٹ رہا ہے اور تم لے نہیں رہے۔سمجھ رہے ہو کہ گھر کے آرام یا تجارتیں یا دنیاوی فائدے جمعہ کے اجر سے زیادہ فائدہ دے رہے ہیں۔آپ کیا فرما رہے ہیں کہ اگر میرے سے پوچھو تو پھر میں تمہیں بتاؤں کہ اس دنیا وی آرام و آسائش، کھیل کود اور تجارتوں کو اگر تمہیں آگ لگا کر ، ان سے چھٹکارا پاتے ہوئے بھی جمعہ کے لئے آنا پڑے تو آؤ اور ان سے بچو اور جمعہ کی برکات سے فائدہ اٹھاؤ تاکہ روحانیت میں ترقی کرو، تا کہ قبولیت دعا کے نظارے دیکھو ، تا کہ خدا تعالیٰ کا قرب اور اس کی رضا حاصل کرو اور دائمی تجارتوں کے وارث بن جاؤ جن میں کبھی کوئی خسارہ نہیں۔آج ہمیں غیر قوموں کی ، مذہب سے بھٹکے ہوؤں کی رونقیں اور تجارتیں اور دولتیں اپنی طرف کھینچ رہی ہیں اور نتیجہ اپنے اس مقصد کو بھول رہے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے آگے جھکنے میں ہی سب برکات ہیں اور اس کے بلانے پر آنے پر