خطبات مسرور (جلد 3۔ 2005ء)

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 709 of 844

خطبات مسرور (جلد 3۔ 2005ء) — Page 709

خطبات مسرور جلد سوم 709 (48) خطبہ جمعہ 19 دسمبر 2005ء ماریشس کے ابتدائی مبلغین کی بے مثال قربانیاں قابل تقلید ہیں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تعلیم کو سیکھیں ، اس پر عمل کریں اور پھر اسے آگے پھیلائیں خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 9 دسمبر 2005ء بمقام مسجد دارالسلام۔روزہل ( جزائر ماریشس ) تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور نے فرمایا:۔الحمدللہ کہ ماریشس کا یہ میرا پہلا دورہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اختتام کو پہنچ رہا ہے اور انشاء اللہ تعالی کل یہاں سے روانگی ہوگی۔اللہ تعالیٰ کے فضل سے آپ اس چھوٹے سے جزیرے کی مخلص اور باوفا جماعت ہیں۔اللہ تعالیٰ ہمیشہ آپ کے اخلاص و وفا میں اضافہ فرماتا رہے۔اور آپ ہمیشہ ان خواہشات کو پورا کرنے والے ہوں جو یہاں کے ابتدائی احمدیوں اور آپ کے بزرگوں نے آپ کے بارے میں رکھیں اور آپ ہمیشہ ان دعاؤں کے وارث بنے والے ہوں جو آپ کے بزرگوں نے اپنی نسلوں کے بارے میں کیں۔ان لوگوں نے انتہائی مشکل حالات میں یہاں احمدیت کے پودے کو لگایا اور اسے پروان چڑھایا۔مخالفتوں کے باوجود ان کے پائے ثبات میں لغزش نہیں آئی۔وہ لوگ ہمیشہ اللہ تعالیٰ کے آگے جھکے رہے اور اس سے مدد اور طاقت مانگتے رہے۔باوجود اس کے کہ وہ لوگ یہاں دنیا کمانے آئے تھے لیکن انہوں نے ہمیشہ دین کو دنیا پر مقدم رکھا۔اور یہ وہ سبق ہے اور یہ وہ اعلیٰ نمونہ ہے جو آپ کے بزرگوں اور ابتدائی احمدیوں نے آپ کو دیا ہے۔اور ان کی یہ وہ مثالیں ہیں جو وہ آپ کے سامنے رکھ گئے ہیں۔