خطبات مسرور (جلد 3۔ 2005ء) — Page 592
خطبات مسرور جلد سوم 592 خطبہ جمعہ 30 ستمبر 2005ء یہ پیغام پہنچانا ہے۔آگے اللہ تعالیٰ برکت ڈالنے والا ہے۔جو نیک فطرت ہوگا وہ آئے گا انشاء اللہ۔ہدایت دینا تو اللہ تعالیٰ کا کام ہے۔لیکن اگر ہم صرف منصوبہ بندیاں ہی کرتے رہیں اور مہینوں ،سالوں صرف اس سوچ میں ضائع کر دیں کہ کیا پلاننگ کرنی ہے اور کس طرح کی پلاننگ ہونی چاہئے۔کیا کیا طریقے استعمال کرنے چاہئیں۔اس بات پر سوچتے ہی رہیں اور عمل کچھ نہ ہو تو ہم یقینا گناہگار بن رہے ہیں۔یہاں آ کر اگر نیک نیتی سے اس طرف بھی توجہ دیتے تو بعض لوگ یہاں کہتے ہیں بہت سارے اسائلم سیکرز آئے ہوئے ہیں کہ ہمارے کیس پاس نہیں ہو رہے۔وہ روک پڑ گئی، یہ روک پڑگئی ،اتنے سال ہو گئے مسائل میں گھرے ہوئے ہیں۔وہ اگر اس طرف بھی توجہ دے رہے ہوتے تو اللہ تعالیٰ قدرت رکھتا ہے ، سب قدرتوں کا مالک ہے۔وہ اس نیکی کی وجہ سے آسانیاں بھی پیدا کر سکتا تھا۔پس کامل فرمانبرداری اور اطاعت کا تقاضا ہے کہ اس طرف توجہ دیں۔ابھی بہت میدان خالی ہے۔ہر طبقہ میں احمدیت یعنی حقیقی اسلام کا پیغام پہنچنا چاہئے۔آج اسلام پر ہر طرف سے حملے ہورہے ہیں اور بدقسمتی سے مسلمان کہلانے والوں کی غلطیوں کی وجہ سے ہی ہو رہے ہیں۔آج اگر اسلام کی خوبصورت تصویر کو کوئی پیش کر سکتا ہے تو وہ احمدی ہیں۔آج اگر ہم نے بھی اپنی ذمہ داریوں کو ادا نہ کیا، نہ سمجھا تو اللہ تعالیٰ کی نظر میں فرمانبرداروں میں شمار نہیں ہو سکتے۔اللہ تعالیٰ آپ سب کو توفیق دے کہ اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں جماعتی طور پر بھی اور ذیلی تنظیمیں اپنے طور پر بھی۔خدام اپنے طور پر ، انصار اپنے طور پر، لجنہ اپنے طور پر حالات کے مطابق اپنے تبلیغی پروگرام بنائیں۔اور ہمیشہ یادرکھیں، جیسا کہ پہلے بھی کہا ہے کہ تبلیغ کے لئے عمل صالح شرط ہے۔اپنی حالتوں کو بھی بدلنا ہو گا۔اللہ تعالیٰ توفیق دے اور سب کو گزشتہ کوتاہیوں کا مداوا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور نیک نتائج پیدا فرمائے۔谢谢谢