خطبات مسرور (جلد 3۔ 2005ء)

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 410 of 844

خطبات مسرور (جلد 3۔ 2005ء) — Page 410

خطبات مسرور جلد سوم 410 خطبہ جمعہ 8 جولائی 2005ء جماعت بھی قربانیوں میں بہت بڑھی ہوئی ہے اور ہر آواز پر، ہر تحریک پر صف اول میں شمار ہونے والوں میں ہے۔یہاں بھی اخلاص اور نیکیوں میں بڑھنے کے نمونے اللہ تعالیٰ کے فضل سے موجود ہیں جو ہمیں دوسری احمدی دنیا میں نظر آتے ہیں۔خلافت سے محبت و عشق ان میں بھی کم نہیں ، جس کے نظارے ہمیں مختلف اوقات میں مختلف جگہوں پر نظر آتے ہیں۔جس طرح ان لوگوں نے گزشتہ بیس بائیس سال میں، بلکہ تئیس سال میں خلیفہ وقت کی یہاں موجودگی کی وجہ سے مستقل بعض کام کئے ہیں اور کر رہے ہیں اور والنٹیئر ز یا عارضی کارکنان کے ذریعہ سے یہ سب کام سنبھالے ہوئے ہیں یہ انتہائی قابل قدر چیز ہے۔پس آپ۔U۔K والے بھی ، جو یہاں میرے سامنے بیٹھ ہوئے ہیں، جو باتیں میں دوسری دنیا کی اپنے دوروں کی بیان کر رہا ہوتا ہوں سن کر مایوس نہ ہو جایا کریں کہ ہم کیا کر رہے ہیں۔آپ بھی ماشاء اللہ قربانیوں میں بڑھنے والوں میں شامل ہیں۔حضرت خلیفہ اسی الرابع رحمہ اللہ نے جب اس مسجد کو بنانے کی تحریک کی تھی تو۔U۔K کی جماعت نے بھی ماشاء اللہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور پھر بعض وجوہ کی وجہ سے جب خرچ تقریبا دو گنے کے قریب ہو گیا، زیادہ ہو گیا، دوبارہ تحریک کرنی پڑی تو آپ لوگ تھک کر بیٹھ نہیں گئے تھے۔حضور کی تحریک پر دوبارہ اسی طرح بڑھ چڑھ کر آپ نے حصہ لیا اور یہ خوبصورت اور ایک شاندار مسجد یورپ کے دل میں بنادی۔یہ ٹھیک ہے کہ اس میں باہر کی جماعتوں نے بھی حصہ لیا، ان کی بھی قربانیاں شامل ہیں لیکن۔U۔K کی جماعت بھی کسی سے پیچھے نہیں رہی ، بلکہ بہت بڑا حصہ ان کا ہے۔اور ابھی تک بعض چھوٹے کام ہورہے ہیں اور مستقل خرچ ہو رہے ہیں تو دنیا کو پتہ ہونا چاہئے کہ یہ ابھی تک اس مسجد پر خرچ کر رہے ہیں۔پھر برمنگھم میں گزشتہ سال ایک خوبصورت مسجد بنی۔وہاں کی جماعت نے بھی اپنے شہر میں مسجد بنا کر ایک خوبصورت اضافہ کیا۔پھر جب میں نے ہارٹلے پول اور بریڈ فورڈ کی مسجد کے لئے تحریک کی تو پھر۔U۔K کی جماعت نے غیر معمولی قربانیاں دیں۔انصار اللہ نے بھی ، لجنہ نے بھی اور دوسری جماعت کے افراد نے بھی۔تو یہ جو ہر جگہ غیر معمولی قربانی کے نظارے ہمیں یہاں بھی نظر آتے ہیں ، یہ اللہ تعالیٰ سے پیار اور اس کی رضا حاصل کرنے کی طرف قدم ہی ہیں نا۔