خطبات مسرور (جلد 2۔ 2004ء) — Page 240
$2004 240 مسرور پھر آپ فرماتے ہیں: یہ میری نصیحت ہے جس کو میں ساری نصائح قرآن کا مغز سمجھتا ہوں۔قرآن کریم کے 30 سپارے ہیں اور سب کے سب نصائح سے لبریز ہیں۔لیکن ہر شخص نہیں جانتا کہ ان میں سے وہ نصیحت کون سی ہے جس پر اگر مضبوط ہو جاویں اور اس پر پورا عملدرآمد کریں تو قرآن کریم کے سارے احکام پر چلنے اور ساری منہیات سے بچنے کی توفیق مل جاتی ہے۔مگر میں تمہیں بتاتا ہوں کہ وہ کلید اور قوت دعا ہے۔دعا کو مضبوطی سے پکڑ لو۔میں یقین رکھتا ہوں اور اپنے تجربہ سے کہتا ہوں کہ پھر اللہ تعالی ساری مشکلات کو آسان کر دے گا۔( ملفوظات جلد نمبر ٤ صفحه ١٤٩ ـ الحكم ٢٤ ستمبر ١٩٠٤ء) پس یہ خوبصورت مسجد ( مسجد بیت الوحید ) جو آپ نے بنائی ہے اور جس میں آج جمعہ پڑھ رہے ہیں۔یہ بھی آپ نے اللہ تعالیٰ کی عبادت کرنے کے لئے بنائی ہے اب اس مسجد کو بھی بھرنا آپ کا کام ہے اور اپنے گھروں کو بھی دعاؤں سے لبریز رکھنا آپ کا کام ہے۔اللہ تعالیٰ ہمیں اپنا عبادت گزار بندہ بنائے۔ایسا بندہ جس سے اس کا دوستی کا معاملہ ہو۔یادرکھیں دوستوں کی خاطر قربانیاں بھی دینی پڑتی ہیں یہ نہ ہو کہ جب خدا ہم سے قربانی مانگے تو ہم پیچھے ہٹنے والے ہو جا ئیں نہیں بلکہ کامل وفا کے ساتھ اپنے پیارے خدا کے ساتھ چھٹے رہیں۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی لائی ہوئی اس کامل اور مکمل کتاب کو ہمیشہ اپنا رہنما بنائے رکھیں۔اس پر عمل کرنے والے بھی ہوں اور اس کا پر چار کرنے والے بھی ہوں۔اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے۔اللہ تعالیٰ آپ سب کو اپنی حفظ وامان میں رکھے اور آئندہ بھی باہم ملنے کے مواقع پیدا فرما تار ہے۔