خطبات مسرور (جلد 11۔ 2013ء)

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 78 of 775

خطبات مسرور (جلد 11۔ 2013ء) — Page 78

خطبات مسرور جلد 11 78 خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ یکم فروری 2013ء میرا جسم تو شوق غالب سے تیری طرف سے اُڑتا ہے، اے کاش مجھ میں اُڑنے کی طاقت ہوتی۔آئینہ کمالات اسلام۔روحانی خزائن جلد 5 صفحہ 592 تا594) تو یہ چند نمونے میں نے آپ کے عشق و محبت کے پیش کئے اور بیچ میں قوم کے دکھ کا بھی ذکر آگیا۔اللہ تعالیٰ ہمیں حقیقی رنگ میں اس مقام اور اس شان کو سمجھنے اور عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آخر میں پھر اُمت محمدیہ کے لئے دعا کی درخواست کرنا چاہتا ہوں۔بیشک یہ ہمیں جو مرضی کہتے رہیں، سمجھتے رہیں، اکثریت ان میں سے لاعلمی کی وجہ سے اور علماء کے خوف کی وجہ سے ہماری اس جماعت کی مخالفت کرتی ہے۔لیکن کیونکہ یہ اپنے آپ کو ہمارے آقا و مطاع حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف منسوب کرتے ہیں اس لئے اس وقت ان کی حالتِ زار کے بارے میں ہمیں دعا کرنی چاہئے۔اللہ تعالیٰ ان کو اس حالت سے نکالے۔اکثر مسلمان ممالک جو ہیں مشکلات کا شکار ہیں۔اندرونی فسادوں اور جھگڑوں نے انہیں تباہی کے دہانے پر کھڑا کر دیا ہوا ہے۔اللہ تعالیٰ رحم فرمائے اور یہ اس سے باہر آئیں۔ان کے سیاستدانوں اور لیڈروں میں بھی خوف خدا اور انصاف نہیں ہے، اللہ تعالیٰ ان میں وہ پیدا کرے۔اور ان کے عوام جو ہیں وہ بھی غلط لیڈروں کے پیچھے چل کر اپنے ملک سے محبت کا جو اظہار ہے اُس کا غلط رنگ میں اظہار کر کے اُس محبت کو ضائع کر رہے ہیں، بلکہ ملک کو نقصان پہنچارہے ہیں۔اللہ تعالیٰ ان کو بھی انصاف سے وطن سے محبت کا اظہار کرنے کی توفیق عطا فرمائے ورنہ بہت خوفناک حالات پیدا ہونے والے ہیں جو بظاہر نظر آ رہے ہیں۔اگر یہی حالات رہے تو یہ جو تھوڑی بہت آزادی ان لوگوں کی ہے، یہ کہیں مکمل طور پر بعض ملکوں میں محکومیت میں نہ بدل جائے۔اس لئے بہت زیادہ دعاؤں کی ضرورت ہے۔اسلام کے نام پر جو غلط تنظیمیں قائم ہوئی ہیں اور اللہ تعالیٰ اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے نام کو بدنام کرنے والی ہیں، اسلام کو بدنام کرنے والی ہیں، اللہ تعالیٰ ان سے بھی جلد اُمت کو چھٹکارا دلوائے ، دنیا کو چھٹکارا دلوائے۔اب تو یہ دنیا کے لئے بھی خطرہ بن چکی ہوئی ہیں۔کیونکہ یہ لوگ اسلام کے خوبصورت چہرے کو داغدار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ہماری جماعت کی جو کوششیں ہیں وہ تو اس لئے ہیں کہ اسلام کی خوبصورت تعلیم ظاہر کی جائے۔جب یہ کوششیں ہماری طرف سے ہورہی ہوتی ہیں تو سامنے ان کی مکروہ کوششیں کھڑی ہو جاتی ہیں جو پھر دوسرے جو اسلام کے مخالف ہیں وہ پیش کرتے ہیں۔اللہ تعالیٰ ان سے بھی ہماری جلد جان چھڑائے۔اللہ تعالیٰ ہمیں بھی عشق رسول میں بڑھائے اور اپنے فرائض اور حقوق ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔